تیسرا ون ڈے: پاکستان کو دو اہم فاسٹ بولرز کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی

  • اپ ڈیٹ:
فاسٹ بولرز محمد عامر اور حسن علی فائل فوٹو فاسٹ بولرز محمد عامر اور حسن علی

زمبابوے کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو دو اہم ترین فاسٹ بولرز محمد عامر اور حسن علی کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

سینیئر فاسٹ بولر وہاب ریاض اور راحت علی ٹیم سے باہر ہیں، جنید خان کو ٹیم میں جگہ حاصل کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے جبکہ نوجوان بولرز حسن علی،عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی نے اپنی کارکردگی سے سینیئرز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

محمد عامر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد بہت کم میچز میں نمایاں کارکردگی دکھا سکے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ فاسٹ بولر محمد عامر کی غیر مستقل مزاج کارکردگی سے پریشان ہے اور انہیں زمبابوے کے خلاف بدھ کو ہونے والے تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں آرام دینے کی تجویز ہے۔

توقع ہے کہ محمد عامر کی جگہ ایک اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر جنید خان کو موقع دیا جائے گا جبکہ شعیب ملک کی جگہ چوتھے نمبر پر آل راؤنڈر فہیم اشر ف کو بیٹنگ میں اوپر کے نمبر پر کھلانے کی تجویز ہے۔

شعیب ملک پانچویں اور سرفراز احمد چھٹے نمبر پر آئیں گے۔ فہیم اشرف کو مڈل آرڈر میں جارحانہ بیٹنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا تاکہ پاکستانی ٹیم بڑا اسکور بنا سکے۔

اس وقت یہی تاثر ہے کہ مڈل آرڈر میں سلو بیٹنگ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کے رنز بنانے کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے انٹر نیشنل آج کوئینز کلب بولاوائیو میں کھیلا جائے گا۔ پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

محمد عامر نے پہلے میچ میں 21رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی دوسرے میچ میں انہوں نے33رنز دیے تھے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔

محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے پر غور کررہے ہیں اورتمام تر توجہ محدود اوورز کی کرکٹ پر دینا چاہتے ہیں لیکن محمد عامر ابھی تک سینیئر بولر والا کردار ادا کرنے میں ناکام ہیں۔

ون ڈے سیریز سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی محمد عامر کو پانچ میں سے تین میچ کھلائے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اور سرفراز احمد چاہتے ہیں کہ محمد عامر فرنٹ سے لیڈ کریں لیکن ان کی کارکردگی میں تسلسل دکھائی نہیں دیتا۔

تیسرے میچ میں محمد عامر کی جگہ جنید خان کھیلیں گے۔26 سالہ محمد عامر پاکستان کی جانب سے33 ٹیسٹ 42 ون ڈے اور 41 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں۔

جنید خان اکتوبر کے بعد پاکستان کے لیے پہلا میچ کھیلیں گے۔ انہوں نے آخری ون ڈے سری لنکا کے خلاف شارجہ میں کھیلا تھا۔

دوسری جانب فاسٹ بولر حسن علی بھی گردن کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں جس کے باعث تیسرے ون ڈے میں ان کی جگہ یاسر شاہ کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store