ڈوپ ٹیسٹ مثبت، احمد شہزاد پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

ڈوپ ٹیسٹ مثبت، احمد شہزاد پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی ڈوپ ٹیسٹ مثبت، احمد شہزاد پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کا ستارہ گردش میں ہے، ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد اب وہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے رکن ہیں لیکن خراب کارکردگی کی وجہ سے ان کا ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

اب ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حددرجہ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کی وجہ سے ان پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔

ذرائع کے مطابق احمد شہزاد کا ڈومیسٹک کرکٹ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا اور انہیں کم سے کم تین ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی احمد شہزاد کا نام لیے بغیر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک دو روز میں قومی ڈوپنگ ایجنسی سے اس معاملے پر حتمی جواب مل جائے گا اور آئی سی سی قوانین کے مطابق رپورٹس کی تصدیق تک پی سی بی پلیئر کا نام نہیں جاری کرسکتا۔

پاکستان کی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے اس بات کا انکشاف کیا کہ احمد شہزاد پر ممنوعہ قوت بخش ادویات استعمال کرنے کا الزام ثابت ہوگیا ہے اور ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد احمد شہزاد کی زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت پر غور نہیں کیا جائے گا۔

احمد شہزاد کی جگہ محمد حفیظ اور شان مسعود پاکستانی ٹیم میں شمولیت کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کے بارے میں کارروائی کا تعین ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کرے گی۔ احمد شہزاد نے گذشتہ ہفتے اسکاٹ لینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 14اور24رنز بنائے تھے۔

26 سالہ احمد شہزاد پاکستان کے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں جن کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان سے قبل شعیب اختر، محمد آصف، عبدالرحمن، رضا حسن اور کئی کرکٹرز کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

احمد شہزاد پاکستان کی جانب سے13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر لاہور پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے پی سی بی میڈیکل پینل، قومی سلیکشن کمیٹی سے کھلاڑیوں کی فٹنس کے بارے میں رپورٹ لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ، عماد وسیم اور رومان رئیس کی فٹنس کو جانچنے کے لیے انہیں لاہور طلب کیا گیا ہے جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹرینرز اور فزیو کی موجودگی میں ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔

بابراعظم کی زمبابوے کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت مشکوک ہے جبکہ و ہ ون ڈے میچز تک فٹ ہوجائیں گے۔

install suchtv android app on google app store