گیل کی طوفانی سنچری، نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

گیل کی طوفانی سنچری فائل فوٹو گیل کی طوفانی سنچری

ویسٹ انڈیز اور رنگپور رائیڈرز کے جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے 20 ویں ٹی ٹونٹی سنچری بنا کر تاریخ رقم کرنے کے ساتھ ساتھ میچ میں 18 چھکے لگا بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

منگل کو ڈھاکا ڈائنامائٹس کے خلاف بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فائنل میں گیل ایک مرتبہ پھر جارحانہ انداز میں دکھائی دیئے اور انہوں نے حریف باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سنچری اسکور کی۔

گیل نے 69 گیندوں پر 18 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 146 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر کئی نئے ریکارڈز قائم کر دیے۔

یہ ان کی بی پی ایل میں پانچویں سنچری ہے، انہوں نے رواں لیگ میں دو سنچریاں اسکور کیں جبکہ گیل نے 20 ویں ٹی ٹونٹی سنچری بنا کر تاریخ رقم کر دی۔

اس کے علاوہ انہوں نے 11 ہزار ٹی20 رنز مکمل کر کے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی پا لیا لیکن سب سے بڑھ کر یہ کہ انہوں نے اس شاندار اننگز کے دوران 18 چھکے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

اس سے قبل اننگز میں زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ بھی انہی کے پاس تھا۔

انہوں نے 2013ء میں آئی پی ایل میں واریرز کے خلاف میچ میں 17 چھکے لگا کر تاریخ رقم کی تھی جبکہ گیل نے بی پی ایل میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے کا اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔

انہوں نے چند دن قبل ہی کھلنا ٹائٹنز کے خلاف ایلیمنیٹر میچ میں 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی تاہم اب انہوں نے 146 رنز کی اننگز کھیل کر نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

یہ ان کی دوسری بہترین ٹی20 اننگز ہے، ٹی20 میں 175 ان کا بہترین اسکور ہے۔

install suchtv android app on google app store