پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں: میئر لندن صادق خان

پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں

لندن کے میئر صادق خان کاکہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلینٹ کی کوئی کمی نہیں ، شہر قائد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں موجود برطانوی سفارت خانے کی جانب سے دوستی کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں صادق خان کے علاوہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ، قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مشتاق احمد اور اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے شرکت کی۔

اس موقع پر میئرلندن نے بھی کرکٹ کھیلی اور وہ مشتاق احمد کی گگلی پر آؤٹ ہوئے، میچ میں وکٹ کیپنگ سرفراز احمد نے کی جبکہ مختلف اسکولوں کے طلبہ نے بھی ایونٹ میں حصہ لیا۔

تقریب کے اختتام پر صادق خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو اپنے درمیان پاکر خود پر فخر محسوس کررہا ہوں‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ دوستی میچ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مضبوط کرنے میں مدد فراہم کرے گا، سفارت خانے کے نامزد کردہ وفود مختلف تعلیمی اداروں سے ٹیلنٹ تلاش کریں گے۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ لندن کا شمار دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں ہوتا ہے اور میرا پسندیدہ شہر بھی وہی ہے جہاں میں میئر کے امور سرانجام دے رہا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ میئر کراچی سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں مسائل پر گفتگو کی گئی، کراچی کے مستقبل کو مدنظر کرھتے ہوئے بہترین منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھاکہ برٹش کونسل کی کاوش خوش آئند ہے کیونکہ اس اقدام سے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع حاصل ہوں گے، میر لندن نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو تسلیم کیا جس سے ہمیں بھی حوصلہ ملا۔

تقریب میں ماہرہ خان سمیت دیگر نامور شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

 

install suchtv android app on google app store