فاٹا کی فتح، کراچی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

قومی ٹی20 کپ میں فاٹا نے فیصل آباد کو شکست دے کر قومی ٹی20 کرکٹ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی فائل فوٹو قومی ٹی20 کپ میں فاٹا نے فیصل آباد کو شکست دے کر قومی ٹی20 کرکٹ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

قومی ٹی20 کپ میں فاٹا نے فیصل آباد کو شکست دے کر قومی ٹی20 کرکٹ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ کراچی وائٹس کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔

قومی ٹی ٹونٹی کپ کے آخری گروپ میچ میں فیصل آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، آصف علی نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

دیگر کھلاڑیوں میں علی وقاص 40، صاحبزادہ فرحان 23، خرم شہزاد 10، گوہر علی اور صعیب مقصود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ عمران خالد 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

فاٹا کی جانب سے ضیا الحق نے 2 جبکہ ثمین گل اور محمد عرفان ٹو نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں مختار احمد اور نوید ملک نے فاٹا کو 52 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا تاہم یہاں پر اس کی یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گر گئیں، نوید ملک 6 اور اویس ضیاء صفر پر آؤٹ ہوئے۔

70 کے اسکور پر مختار احمد 46 رنز کی اننگز کھیل کر سعید اجمل کی گیند کا نشانہ بنے جبکہ ، خوش دل شاہ 16 اور سہیل اختر 5 رنز بنا کر چلتے بنے۔

78 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان حماد اعظم اور آصف آفریدی نے میدان سنبھالا اور مشکل وقت میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، آصف آفریدی 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

لیکن مین آف دی میچ حماد اعظم ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور 19 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 37 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، محمد عرفان 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

فیصل آباد کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 سعید اجمل نے 2 اور اسد علی نے ایک وکٹ لی۔

اس فتھ کے ساتھ ہی فاٹا کی ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ فاٹا کی جیت کے ساتھ ہی سرفراز احمد کی کراچی وائٹس ایونٹ سے باہر ہو گئی۔

قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی اور اب لاہور وائٹس، لاہور بلیوز، فیصل آباد اور فاٹا نے شاندار کھیل کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز آج ہفتے کو کھیلے جائیں گے، لاہور وائٹس کو فیصل آباد اور لاہور بلیوز کو فاٹا کا چیلنج درپیش ہو گا۔

واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 26 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store