جان سینا نے ریسلنگ سے دوری کی وجہ بتادی

جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای جان سینا

جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای سے تعلق رکھنے والے مقبول ترین ریسلر ہیں اور برسوں سے اس کمپنی کا ٹاپ اسٹار ہیں تاہم اب وہ آہستہ آہستہ ریسلنگ رنگ سے دور ہورہے ہیں۔

اور اب جان سینا نے خود بتایا ہے کہ پرستار انہیں کافی عرصے تک ڈبلیو ڈبلیو ای میں ان ایکشن نہیں دیکھ سکیں گے۔

گزشتہ سال وہ انجری کے باعث کئی ماہ تک ریسلنگ سے دور رہے تھے مگر اس سال ٹی وی اور فلموں کے باعث وہ مقابلوں کا حصہ نہیں بن رہے۔

جان سینا اس وقت سترہ فلمی پراجیکٹس کا حصہ ہیں جن میں سے تین رواں سال ریلیز ہوں گی۔

ایک انٹرویو کے دوران جان سینا نے بتایا کہ پرستار انہیں اب بہت کم ریسلنگ رنگ میں دیکھ سکیں گے تاہم ڈبلیو ڈبلیو ای سے ان کی دوری بطور ریسلر ان کی پروفائل کو بڑھائے گی۔

ان کا دعویٰ تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت ریسلنگ کرتے ہوئے گزارنا چاہتے ہیں مگر فلمی مصروفیات اس کی اجازت نہیں دیتیں۔

انہوں نے کہا ' میں یہ دونوں بیک وقت کرسکتا ہوں، مگر فلمی دنیا کے لوگ اس حوالے سے بہت زیادہ محتاط ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ میں زخمی ہوکر پراجیکٹ کی تکمیل میں رکاوٹ بن جاﺅں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ سے اس لیے محبت کرتے ہیں کیونکہ یہ سب انٹرٹینمنٹ کے نام پر ہوتا ہے۔

جان سینا تو بتدریج ریسلنگ سے دور ہورہے ہیں مگر اس کے نتیجے میں ڈبلیو ڈبلیو ای کو مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ انڈرٹیکر کی ریٹائرمنٹ اور جان سینا کی عدم موجودگی ہے، جس سے کمپنی کے شوز کی مقبولیت میں کمی آرہی ہے۔

کچھ عرصے قبل امریکی جریدے فوربس نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ جان سینا راک کے مقابلے میں بہت زیادہ تیزی سے ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑ کر ہولی وڈ کے ہو کر رہ جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن جان سینا شوبزنس کی دنیا میں اپنا کیرئیر بنانا چاہتے ہیں اور یہ ان کی پرانی خواہش ہے جس کا اظہار ان کی ماضی میں کی گئی فلموں سے بھی ہوچکا ہے۔

خیال رہے کہ جان سینا نے 16 بار ڈبلیو ڈبلیو ای اور ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ اپنے نام کی ہے اور اس طرح رک فلیئر کا سب سے زیادہ چیمپئن بننے کا ریکارڈ برابر کیا ہے جسے توڑنے کے لیے انہیں مزید ایک چیمپئن شپ میچ میں کامیابی کی ضرورت ہے۔

install suchtv android app on google app store