انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بابر اعظم کو انگلینڈ کے خلاف ڈراپ کیے جانے کے فیصلے پر سخت تنقید کی ہے۔
اتوار کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان اسکواڈ کا اعلان کیا گیا جس میں سے بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے پر مائیکل وان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کی اور پی سی بی کو کھری کھری سنائیں۔
مائیکل وان نے اپنی ٹوئٹ میں طنزیہ لکھا 'پاکستان انگلینڈ سے پہلا میچ نہیں جیت سکا تو بورڈ نے ملک کے بہترین کھلاڑی کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرلیا'۔
سابق انگلش کپتان نے بابر اعظم کو بھی ٹیگ کیا اور کہا 'مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ سرپرائز سے مالا مال ہے لیکن یہ فیصلہ سرِ فہرست ہے، یہ انتہائی بیوقوفوں والا فیصلہ ہے لیکن اگر بابر اعظم نے خود بریک مانگی ہے تو پھر قابلِ قبول ہے'۔
اس سے قبل فخر زمان نے بھی پی سی بی کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے ویرات کوہلی کو تین سال خراب فارم کے باوجود ڈراپ نہیں کیا، انہیں بینچ پر نہیں بٹھایا گیا۔
پاکستانی اوپنر نے کہا کہ بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کی خبریں باعث تشویش ہیں،پاکستان کے بہترین بیٹر کو ڈراپ کرنے سے منفی پیغام جائے گا۔
فخر زمان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا گھبراہٹ میں فیصلے کرنے کے بجائے اپنے کھلاڑیوں کا تحفظ کریں۔