گال ٹیسٹ 5 کے بجائے 6 دن کا کیوں؟ بڑی وجہ سامنے آگئی

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے گال ٹیسٹ میچ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میچ میں ایک آرام کا دن دیا گیا ہے فائل فوٹو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے گال ٹیسٹ میچ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میچ میں ایک آرام کا دن دیا گیا ہے

کرکٹ میں ایک ٹیسٹ میچ عام طور پر 5 دن کا ہوتا ہے، جس میں دونوں ٹیمیں 2، 2 اننگز کی بدولت میچ کا نتیجہ آنے تک مسلسل 5 دن تک کھیلتی ہیں۔

لیکن اگر آپ کو بتایا جائے کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان 18 ستمبر سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ 5 کے بجائے 6 دن تک ہوگا تو یقیناً آپ کو حیرت ضرور ہوگی۔

حیرت ہونی بھی چاہیے کیوں کہ ماضی قریب میں ایسی کوئی مثال سامنے نہیں کہ ایک ٹیسٹ میچ 5 کے بجائے 6 دن تک شیڈول ہو۔

ان دنوں نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے دورے پر ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ گال میں جاری ہے۔

یہ ٹیسٹ 18 سے 23 ستمبر تک شیڈول ہے، جو کہ 6 دن بنتے ہیں۔

لیکن ایسا کیوں؟

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے گال ٹیسٹ میچ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میچ میں ایک آرام کا دن دیا گیا ہے۔

گال ٹیسٹ میں 3 دن کا کھیل ہوچکا ہے اور ہفتے(21 ستمبر) کو سری لنکا میں صدارتی انتخابات کی وجہ سے اس میچ کے چوتھے دن پر ایک ریسٹ ڈے رکھا گیا جس کی وجہ سے اس میچ میں ایک اضافی دن شامل ہوگیا اور میچ5 کے بجائے 6 دن تک شیڈول ہوا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب ٹیسٹ کے چوتھے دن کا کھیل اتوار کو شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں 2022 کے بدترین معاشی بحران کے بعد پہلے صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ ہفتے کو ہوئی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

کیا پہلی بار ٹیسٹ میچ میں ریسٹ ڈے رکھا گیا؟

جی نہیں! یہ پہلا موقع نہیں جب ایک ٹیسٹ میچ میں ریسٹ ڈے رکھا گیا ہو۔

اس سے قبل آخری بار 2008 میں سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ میں ایسا ہوا تھا اور اس کی وجہ بنگلا دیش کے پارلیمانی انتخابات تھے۔

2008 میں بنگلا دیش اور سری لنکا کے درمیان میرپور، ڈھاکا میں 26 سے 31 دسمبر تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران 29 دسمبر کو ملک میں انتخابات بھی شیڈول تھے۔

اس لیے انتخابات کے لیے 29 دسمبر کو آرام کے دن کے بعد 30 دسمبر کو کھیل دوبارہ شروع ہوا، جسے چوتھا دن سمجھا گیا۔

 

install suchtv android app on google app store