پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں لٹن داس اور مہدی حسن میراز کی عمدہ بیٹنگ اور 150 رنز سے زائد کی شراکت کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم 26 رنزپر 6 وکٹیں گنوانے کے باوجود 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹڈیم میں جاری 2 میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے گزشتہ روز کے اسکور 10 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور صرف 4 رنز کے اضافے کے بعد ہی اوپنر ذاکر حسن ایک رن بنا کر خرم شہزاد کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد شادمان اسلام 10، نجم الحسین شانتو 4 کو بھی خرم شہزاد نے پویلین کی راہ دکھائی، بعد ازاں مؤمن الحق ایک اور مشفق الرحیم 3 رنز بنا کر میر حمزہ کا نشانہ بنے، ان کے بعد آنے والے تجربہ کار شکیب الحسن کو 2 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد نے چلتا کیا۔
26 رنز 6 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا کہ شاید بنگلہ دیشی ٹیم 50 رنز کا ہندسہ بھی عبور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے لیکن لٹن داس اور مہدی حسن وکٹ پر ڈٹ گئے۔
دونوں نے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو فالو آن کرانے کی پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر 165 رنز کی شراکت قائم کی۔
دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور وکٹ پر بالکل سیٹ نظر آتے تھے لیکن اس مرحلے پر خرم شہزاد نے پھر پاکستان کو کامیابی دلانے کا بیڑا اٹھایا اور 78 رنز کی شاندار باری کھیلنے والے مہدی حسن میراز باؤلر کو انہی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
خرم نے اگلے اوور میں ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے تسکین احمد کا بھی کام تمام کردیا۔
تاہم آٹھ وکٹیں گرنے کے باوجود لٹن داس نے ہمت نہ ہاری اور تن تنہا مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سنچری مکمل کی۔
انہوں نے حسن محمود کے ہمراہ نویں وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت بنا کر اپنی ٹیم کا خسارہ کم کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا اور اسکور کو 262 تک پہنچا دیا۔
اس مرحلے پر بالآخر ان کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 4 چھکوں اور 13 چوکوں سے سجی 138 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آغا سلمان کی وکٹ بن گئے۔
آغا سلمان نے اسی اوور میں ناہید رانا کو بھی ایل بی ڈبلیو بنگلہ دیش کی بساط 262 رنز پر لپیٹ دی اور یوں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 12 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6، میر حمزہ نے 2 اور آغا سلمان نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
دوسرا روز
قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں عبداللہ شفیق کی صورت میں صفر پر پہلی وکٹ کا نقصان ہوا تاہم کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، بعدازاں شان 57، صائم ایوب 58 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 16، بابراعظم 31 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، وکٹ کیپر محمد رضوان 29 اور آغا سلمان 54، خرم شہزاد 12، محمد علی 2 اور ابرار احمد صرف 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 5، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہین رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بنگلادیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں پاکستان کو جلد آؤٹ کرکے برتری حاصل کریں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ میچ میں فتح کیلئے بےچین ہیں، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ انکی جگہ ابرار احمد اور میر حمزہ کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا ہے۔
پہلا روز:
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے روز کا کھیل مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ختم کردیا گیا تھا جبکہ خراب موسم کی وجہ سے ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا تھا۔
پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر محمد ضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، نسیم شاہ، خرم شہزاد، محمد علی، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔
بنگلادیش کا اسکواڈ:
کپتان نجم الحسین شانتو، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الاسلام، مشفق الرحیم، لٹن داس، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، حسن محمود اور ناہید رانا