پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے 2026 میں ہونے والے اگلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم سے متعلق بڑی پیشگوئی کی ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران محمد آصف نے کہا کہ ہم 2024 کے ورلڈکپ میں امریکا سے ہارے جو پہلی بار یہ ایونٹ کھیل رہے تھے، وہ کوالیفائی بھی نہیں کر سکے، انہوں نے یہ ورلڈکپ اس لیے کھیلا کیونکہ وہ میزبان تھے'۔
سابق کرکٹر نے کہا 'اس وقت جس طرح کی صورتحال چل رہی ہے، امریکا اگلے ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کو ہرائے گا، میں آپ کو اس بات کی ضمانت دیتا ہوں'۔
محمد آصف نے کہا '2026 کے ورلڈکپ سے پہلے ہمیں کپتان، کوچ اور کھلاڑیوں کو تبدیل کرنا ہوگا، 2 سال منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ ٹیم ہے، یہ وہ 20 کھلاڑی ہیں جن کے ساتھ ہم کام کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم وہی باتیں دہرا رہے ہیں، اسی لیے میں آپ کو یہ بتا رہا ہوں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور جنوبی افریقا جیسی ٹیمیں ایک ساتھ ترقی کر رہی ہیں تاہم ہم اب بھی ایک ہی جگہ پر ہیں۔
واضح رہے کہ 7 جون 2024 کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بڑا اپ سیٹ ہوا تھا جب پہلی بار ایونٹ کھیلنے والی امریکی ٹیم نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دی تھی۔
اس کے علاوہ حال ہی میں 2009 میں ورلڈ چیمپئن رہنے والی پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں ناقص کارکردگی کے ساتھ ساتھ بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہے۔