بنگلہ دیش میں حکومت کا تختہ الٹنے والے حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران مبینہ طور پر ایک نوجوان کے قتل کے مقدمے میں نامزد شکیب الحسن سے ساتھی کھلاڑیوں نے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ میچ میں کامیابی میں آل راؤنڈر شکیب الحسن نے دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرکے اہم کردار ادا کیا، یہ ان سیکڑوں افراد کے نام خراج تحسین ہے، جو سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے ہونے والے مظاہروں کے دوران مارے گئے تھے۔
معزول قانون ساز اور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو اس ماہ کے شروع میں حکومت کا تختہ الٹنے والی بد امنی سے منسلک مبینہ قتل کے مقدمے کا سامنا ہے۔
نجم الحسن شانتو نے سماجی رابطے کی سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ پارلیمنٹ کے تحلیل ہونے کے ساتھ بطور قانون ساز معزول ہونے والے 37 سالہ شکیب الحسن ہمارے ملک کے لیے بہت بڑا اثاثہ ہیں، وہ دنیا میں بنگلہ دیش کا نام 17 سالوں سے روشن کر رہے ہیں، شکیب الحسن کے خلاف اس طرح کا مقدمہ حیران کن ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں مظاہروں کے دوران سیکڑوں اموات میں ایک نوجوان کے والد رفیق السلام نے شکیب الحسن سمیت 155 افراد کو قتل کے مقدمے میں نامزد کیا ہے۔
تاہم شکیب الحسن کی جانب سے اب تک اس معاملے پر رائے کا اظہار نہیں کیا گیا جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کے مایہ بلے باز مشفیق الرحیم نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پیغام لکھتے ہوئے کہا کہ ہم سب نئے بنگلہ دیش میں کچھ نیا دیکھنا چاہتے ہیں، مجھے امید ہے کہ تمام اندھیرے دور ہو جائیں گے اور نئی روشی آئے گی، میں پہلے بھی بہت دفعہ کہہ چکا ہوں اور میں اب دوبارہ کہوں گا کہ مجھے شکیب الحسن جیسے عظیم کھلاڑی کے ساتھ کھیلنے پر فخر محسوس ہوتاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ساتھی کھلاڑی اور ان کے بھائی کے طور پر میں ان کے ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ موجود رہوں گا اور میں ان پر لگائے گئے جھوٹے الزامات پر یقین نہیں رکھتا کیونکہ میں جانتا ہوں وہ کبھی بھی اس طرح کے غیر انسانی عمل میں شامل نہیں ہو سکتے۔
یاد رہے کہ 25 اگست کو بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دے کر 14 ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد پاکستان کے خلاف اپنی پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ بھی جمعہ کو راولپنڈی میں شروع ہوگا۔