ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اعظم صدیقی کا کہنا ہے ’ابھی میری بابر سے بات ہوئی وہ بات نہیں کر پا رہا تھا، میں نے اُسے کہا بہادر جیتتے ہیں یا سیکھتے ہیں پر ٹوٹتے کبھی نہیں ہیں‘۔
قومی ٹیم کے ایشیا کپ سے باہر ہونے پر جہاں شائقین کرکٹ صدمے کا شکار ہیں وہیں دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا حال بھی کچھ ایسا ہی ہے۔
جس کا ذکر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کیا۔
اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ’ آدھے کھلاڑیوں نے کل پورا میچ کھیلا اور آخری گیند پر چوکے کے ساتھ ٹیم شکست کھاگئی، اس میچ میں مجھے ایک کل کا سُپر اسٹار بولر زمان خان دکھائی دیا ہے جو شدید پریشر میں بھی بہترین بال کر رہا تھا‘۔
اعظم صدیقی نے لکھا کہ’ جیت ہارکھیل کا حصہ ہے، پر ٹیم نے آدھی ہونے کے با وجود پورا مقابلہ کیا، انشا اللہ ورلڈکپ میں جب سب فٹ ہوں گے تو مزہ آئے گا‘ ۔
انہوں نے لکھا کہ ’مقابلوں کو دیکھیں تو اللہ صرف نیت اور دل سے کیا ہوا عمل دیکھتا ہے قبول کرے نہ کرے وہ مالک ہے، میرے خیال میں ٹیم نے جان پوری لگائی ہم اس وقت ٹیم کا حوصلہ بنیں اور اُن کا دل بڑا کریں یہی حُب الوطنی ہے‘۔
اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’ابھی میری بابر سے بات ہوئی وہ بات نہیں کر پا رہا تھا، میں نے اُسے کہا بہادر جیتتے ہیں یا سیکھتے ہیں پر ٹوٹتے کبھی نہیں ہیں‘۔