پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا فائل فوٹو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست دے دی۔ مہمان ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہوگئی۔ پاکستان نے 12 سال بعد نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان نے 2011 میں آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کےلیے 288 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں کیوی ٹیم 261 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز ہوا تو مسلسل تین اننگز میں سنچریاں بنانے والے فخر زمان صرف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اوپننگ بلے باز امام الحق اور بابر اعظم کے درمیان سنچری پارٹنرشپ نے ٹیم کے لیے بڑے اسکور کی بنیاد ڈالی۔

بابر اعظم اپنی 26ویں نصف سنچری بنانے کے بعد 145 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 54 رنز اسکور کیے۔

نئے آنے والے بلے باز عبداللّٰہ شفیق آج بھی متاثر کن پرفارمنس نہ دے سکے اور صرف 19 رنز کے مہمان ٹھرے، تاہم دوسری جانب موجود امام الحق محتاط انداز میں رنز بناتے رہے۔

امام الحق اس وقت بدقسمت ٹھہرے جب 90 کے اسکور پر ایڈم ملن کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور سنچری نہ بناسکے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور آغا سلمان نے بالترتیب 32، 31 رنز بناکر ٹیم کے اسکور کو بہتر اسکور پر لا کھڑا کیا۔

اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 21 اور محمد نواز نے 11 رنز بنائے جبکہ پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بناسکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری کامیاب بولر ٹھہرے، انہوں نے 3 وکٹیں لیں۔ ایڈم ملن نے دو جبکہ کول میک کونچی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم نے بھی زبردست آغاز کیا، اوپننگ بلے باز ٹام بلنڈل اور ول ینگ نے 83 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔

تاہم اسکے بعد قومی بولرز نے نپی تلی بولنگ اور بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے لیے اس آسان ہدف کو مشکل بنا دیا۔

گو کہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے اسکور میں اپنا حصہ ڈالا، لیکن وہ ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ٹام بلنڈل نے 65 اور کولن میک کونچی نے 61 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ ان کے علاوہ کپتان ٹام لیتھم نے 45 اور ول ینگ نے 33 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 261 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، اس طرح قومی ٹیم اس میچ میں 26 رنز سے فاتح ٹھہری۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ نے دو دو وکٹیں لیں، آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے امام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

install suchtv android app on google app store