ون ڈے، ٹی 20 سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

ون ڈے، ٹی 20 سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی فائل فوٹو ون ڈے، ٹی 20 سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹام لیتھم کی قیادت میں ون ڈے اور ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے لاہور پہنچ گئی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 14 اپریل سے ٹی 20 سیریز کا آغاز ہو رہا ہے، جس کے بعد 26 اپریل کو ون ڈے سیریز شروع ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشل ٹوئٹر پیج میں جاری ویڈیو میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان پہنچنے اور ہوٹل جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم وائٹ بال سیریز کے لیے لاہور میں پہنچ گئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 5،5 میچوں پر مشتمل ٹی 20 اور ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے جائے گی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 14 اپریل کو کھیلا جائے گا، جس کے بعد دوسرا اور تیسرا ٹی 20 بھی لاہور میں ہی بالترتیب 15 اپریل اور 17 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا چوتھا اور پانچواں میچ راولپنڈی میں 20 اپریل اور 24 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

ایک روزہ سیریز کے ابتدائی 2 میچ بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، سیریز کا پہلا میچ 26 اپریل اور دوسرا میچ 30 اپریل کو کھیلا جائے گا-

دونوں ٹیمیں ایک روزہ سیریز کے بقیہ تینوں میچز کراچی میں کھیلیں گی جہاں نیشنل کرکٹ ارینا کراچی میں تیسرا ایک روزہ میچ 3 مئی کو دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

ایک روزہ سیریز کا تیسرا میں 5 مئی اورچوتھا میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا۔

ایک روزہ سیریز کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور دوپہر 2 بجے میچ شروع ہوگا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کی آمد سے قبل اسلام آباد پولیس نے کہا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں فول پروف اور عالمی معیار کی سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ’مکمل طور پر لیس‘ ہے۔

اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا تھا کہ وفاقی پولیس اسلام آباد اور راولپنڈی میں دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بھرپور سیکیورٹی ادا کرے گی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم دو سال قبل سیکیورٹی خدشات پر دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی، جس کے بعد گزشتہ برس ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اب مختصر طرز سیریز کے لیے دوبارہ پاکستان آگئی ہے۔

سیریز میں مہمان ٹیم کو تجربہ کار کپتان کین ولیمسن کی خدمات حاصل نہیں ہیں جو انجری کا شکار ہو کر نہ صرف موجودہ سیریز بلکہ آئی سی سی ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔

ولیمسن کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپر ٹام لیتھام کو قیادت کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

install suchtv android app on google app store