گیانی انفینٹینو بلا مقابلہ فیفا کے صدر منتخب

گیانی انفینٹینو فائل فوٹو گیانی انفینٹینو

سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والے گیانی انفینٹینو بلا مقابلہ تیسری مدت کے لیے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق 52 سالہ گیانی انفانٹینو بلامقابلہ صدر منتخب ہوئے اور وہ 2027 تک فیفا کی قیادت کریں گے۔ 16 مارچ کو 73 ویں فیفا کانگریس کے موقع پر انہیں بلا مقابلہ منتخب کیا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا اعزاز اور ذمہ داری ہے اور ہم دنیا بھر میں فٹبال کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے 4 سال کے دوران فیفا کو ریکارڈ آمدنی ہوگی اور دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ فٹبال میچز ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 2019 سے 2022 تک فیفا کی آمدنی ساڑھے 7 ارب ڈالرز رہی اور اگلے 4 برسوں میں ہم اسے 11 ارب ڈالرز تک پہنچائیں گے۔

وہ پہلی بار 2016 میں کرپشن کے الزامات پر فیفا کی صدارت چھوڑنے والے سیپ بلاٹر کی جگہ صدر منتخب ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ فیفا میں ایک فرد زیادہ سے زیادہ 3 بار صدر کے طور کام کر سکتا ہے مگر گیانی انفانٹینو 2031 تک اس عہدے پر رہنے کے خواہشمند ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store