نوجوان ٹیم کو لڑانا چاہتا ہوں تاکہ دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں: شاداب خان

 کپتان شاداب خان فائل ٖفوٹو کپتان شاداب خان

افغانستان کے خلاف تین ٹی20 میچز کیلئے کپتانی کے فرائض سرانجام دینے والے شاداب خان کا کہنا ہے کہ نوجوان ٹیم کو لڑانا چاہتا ہوں تاکہ دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں کپتان شاداب خان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم شاندار ہے، عماد وسیم، فہیم اشرف، عبداللہ شفیق، طیب طاہر، اعظم خان اور صائم ایوب جیسے کرکٹرز بہرین فارم میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عماد وسیم اور فہیم اشرف بہترین آل راؤنڈرز ہیں انکے ٹیم میں شامل ہونے سے مڈل آرڈر مضبوط ہوگا جبکہ میں خود بطور کپتان ٹیم کیلئے اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا۔

شاداب خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے ملک کی نمائندگی کا موقع دیا، میری کوشش ہوگی 22 کروڑ عوام کا سر فخر سے بلند کروں، تمام صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے جیت کی کوشش کریں گے۔

گزشتہ روز پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس کیلئے کپتان شاداب خان کو مقرر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بابراعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان کو سیریز کیلئے آرام کروایا گیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24، دوسرا 26 جبکہ تیسرا اور آخری میچ 27 مارچ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store