پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 1992 کی فتح سے تحریک مل رہی ہے: ہیڈن

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینٹور اور آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز اوپنر میتھیوہیڈن فائل فوٹو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینٹور اور آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز اوپنر میتھیوہیڈن

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینٹور اور آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز اوپنر میتھیوہیڈن نے کہا ہے کہ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 1992 کے ورلڈ کپ میں ملنے  والی فتح سے تحریک مل رہی ہے تاہم اتوار کو ٹی20 ورلڈکپ جیت کر اپنی تاریخ رقم کرنے کی امید ہے۔

پاکستان نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں 1992 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں عمران خان کی قیادت میں انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دی تھی اور کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کا ون ڈے کرکٹ میں پہلا عالمی کپ تھا۔

ایم سی جی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے میتھیوہیڈن نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ رمیز راجا نے جمعے کی صبح کو بابراعظم کی ٹیم سے خطاب کیا، جنہوں نے 1992 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کی جانب سے بیٹنگ میں اوپننگ اور آخری کیچ لیا تھا۔

قومی ٹیم کے مینٹور نے رمیز راجا کے حوالے سے کہا کہ وہ 1992 کے ورلڈ کپ سے منسلک کہانیاں سنا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں یہ بہترین ہے کیونکہ اسی کے لیے آپ میچ کھیل رہے ہوتے ہیں اور اسی طرح یہ لڑکے اور ان کا کیریئر ہے لیکن ان کی نظریں موجودہ ٹورنامنٹ پر ہوں گی‘۔

سابق آسٹریلوی اوپنر نے کہا کہ ’یہ اپنی کہانیاں اپنے گاؤں کے چوپالوں، میڈیا کانفرنسز میں سنائیں گے اور جس طرح ہم یہاں ہیں یہ 1992 کی مہم کی طرح کی پاکستان کی کرکٹ کا ایک اہم باب ہے‘۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے 50 اوورز کی کرکٹ کا آخری ورلڈ کپ 2019 میں اپنے ہوم گراؤنڈ میں جیتا تھا اور اتوار کو ہونے والا ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے فیورٹ قرار دی جارہی ہے۔

انگلینڈ نے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرت ناک شکست دی تھی۔

میتھیو ہیڈن کا خیال ہے کہ پاکستان کی باؤلنگ انگلینڈ کو مشکل کھڑی کرسکتی ہے اور ایک اچھا میچ ہوگا، خاص طور پر انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر اور الیکس ہیلز کے لیے جنہوں نے بھارتی باؤلرز کو خاطر میں لائے بغیر 169 رنز کا ہدف وکٹ وکٹ دیے بغیر حاصل کرلیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں تمام بنیادی چیزوں کا احاطہ کرلیا گیا ہے۔

ہیڈن نے بتایا کہ دونوں ٹیموں کے پاس درحقیقت برابر سیٹ اپ ہے، ٹورنامنٹ کے شروع میں اور ہمیشہ میں نے یہی کہا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم ایک بڑا خطرہ بننے جارہی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے مینٹور نے کہا کہ ہم اب ورلڈ کپ کے فائنل میں ہیں۔

install suchtv android app on google app store