دوسرا ون ڈے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز جیت لی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ون ڈے میچ میں 120 رنز سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی ہے، مہمان ٹیم 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 155 پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں مہمان ٹیم کو 276 رنز کا ہدف دیا تاہم ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 32.2 اوورز میں 155 رنز بنا کر تمام کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ بروکس 42 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ جبکہ 4 وکٹیں حاصل کرنے پر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچ پر مشتمل سیریز کھیلی جارہی ہے۔ دوسرے ون ڈے میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو جیت کے لیے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی اننگز:

کپتان بابراعظم 93 بالوں پر 77 رنز جبکہ امام الحق نے 72 بولوں پر 72 رنز کی بہترین اننگز کھیلی اور آوٹ ہوئے، شاداب خان 22، فخر زمان 17 اور محمد رضوان 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد حارث اور محمد نواز کا بلہ نہیں چلا اور بالترتیب 3-6 رنز بنا کر چلتے بنے۔ خوش دل شاہ کو فیلپ نے 22 رنز پر شکار کیا۔ مقررہ 50 اوورز مکمل ہونے کے قریب محمد وسیم 17 اور شاہین شاہ آفریدی 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کے بولر اکیل حسین نے 3 جبکہ الرازی جوسپ اور اینڈرس فیلپ نے 2-2 وکٹوں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز:

بروکس نے 56 بولوں پر 42 جبکہ کیل میئر نے 25 بولوں پر 33 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان نکولس پوران 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے علاوہ کوئی بھی بیٹر اچھا کھیل پیش نہ کرسکے اور یکے بعد دیگر آتے گئے اور جاتے گئے۔ اس طرح پوری ٹیم صرف 155 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ محمد نواز 4، وسیم خان 3 اور شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس جیت کر بابر اعظم نے کہا تھا کہ دوسرے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ہے اور حسن علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان اسکواڈ:

بابراعظم(کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، محمد حارث، خوشدل شاہ، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم اور حارث رؤف

ویسٹ انڈیز اسکواڈ:

نکولس پوران(کپتان)، شائی ہوپ، کیل میئر، شامر بروکس، برینڈن کنگ، رومین پول، روماریو شیپرڈ، اکیل حسین، الزاری جوسپ، ہیڈن والسی اور اینڈرسن فیلپ

install suchtv android app on google app store