آسٹریلین حکومت نے ایک مرتبہ پھر جوکووچ کا ویزا منسوخ کردیا

ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ فائل فوٹو ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ

آسٹریلیا نے ویکسین نہ لگوانے والے سربیا کے عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے ایک مرتبہ پھر ان کا ویزا منسوخ کردیا۔

اس سے قبل عدالت نے جوکووچ کے حق میں فیصلہ دیا تھا لیکن جمعہ کو آسٹریلین حکومت نے غیرمعمولی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے 34سالہ ٹینس اسٹار کا ویزا منسوخ کردیا اور اس کی وجہ مفاد عامہ کو قرار دیا ہے۔

یہ اقدام ایک ایسے موقع پر اٹھایا گیا جب آسٹریلین اوپن شروع ہونے میں محض تین دن باقی ہیں اور اگر یہ معاملہ حل نہ ہوا تو ایونٹ کے لیے فیورٹ قرار دیے جا رہے جوکووچ کا 21واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کا خواب چکنا چور ہو جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ ٹینس اسٹار میلبرن پارک کورٹس میں پریکٹس کررہے تھے کہ اسی دوران امیگریشن کے وزیر ایلس ہاکس نے انہیں اس فیصلے سے آگاہ کیا۔

وزیر امیگریشن نے اس فیصلے کی وجہ صحت اور مفاد عامہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خصوصاً کووڈ۔19 کے حوالے سے آسٹریلین سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے بھی اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلین عوام نے اس وبا کے دوران بہت قربانیاں دی ہیں اور وہ ان قربانیوں کے تحفظ کے لیے درست فیصلے لیے جانے کی توقع کرتے ہیں۔

ویزا منسوخ ہونے کے بعد عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار چند خصوصی حالات کے علاوہ تین سال تک نیا آسٹریلین ویزا حاصل نہیں کر سکیں گے۔

تاہم اس سے قبل جوکووچ کو ڈی پورٹ کرنے سے روکنے والے جج نے اس نئے فیصلے پر جمعہ کو ایمرجنسی سماعت کی درخواست منطور کر لی۔

سربیا کے نوواک جوکووچ 5 جنوری کو دسواں آسٹریلین اوپن ٹائٹل حاصل کرنے کی امید لیے میلبرن پہنچے تھے۔

16 دسمبر کو پی سی آر کا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے 34 سالہ غیر ویکسینیٹڈ کھلاڑی اپنے ساتھ ویکسین سے استثنیٰ لے کر گئے تھے۔

تاہم آسٹریلیوی بارڈر اہلکاروں نے ان کے استثنیٰ کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا تھا کہ حال ہی میں انفیکشن سے متاثر ہونا ناکافی وجہ ہے، ان کا ویزا منسوخ کر کے انہیں حراستی مرکز میں بھیج دیا گیا تھا۔

البتہ ویکسین کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار نوواک جوکووچ کی اعلیٰ اختیاراتی قانونی ٹیم عدالت میں ان کے ہوائی اڈے پر انٹرویو سے متعلق طریقہ کار کے معاملے پر ویزے کے فیصلے کو عدالت سے تبدیل کرانے میں کامیاب رہی تھی۔a

install suchtv android app on google app store