بابر اعظم کو بیٹنگ کوچ کی کمی محسوس ہونے لگی

 بابر اعظم فائل فوٹو بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بنگلاد دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بیٹنگ کوچ ساتھ نہیں ہے جس کی کمی محسوس کر رہے ہیں۔پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کل سے چٹاگانگ میں شروع ہو رہا ہے۔

بنگلا دیش کے دورے میں پاکستان ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات حاصل نہیں ہیں کیونکہ میتھیو ہیڈن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کو دستیاب نہیں رہے۔
ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ سیریز میں بیٹنگ کوچ نہیں ہے اور بیٹنگ کوچ کی کمی بھی محسوس کر رہے ہیں لیکن یہ میرا نہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام ہے۔
بابراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں اچھا پرفارم کرتی آ رہی ہے، بیٹنگ لائن میں سینئیر کھلاڑی شامل ہیں جو اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں، ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے کھلاڑی پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہوئے آئے ہیں جس کا فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیسٹ سیریز بھی اہم ہے، ہم تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، مجھے ٹیم پر اعتماد ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں اچھا پرفارم کرے گی۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہماری ٹیسٹ ٹیم اچھی ہے، اس مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنا تاثر قائم کرنے میں کامیاب ہوں گے، ہوم گراونڈز پر زیادہ میچز ہیں لہذا اس مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اچھا کھیلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کی ٹیم سینئر کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں بھی اچھی ہے، انہیں آسان نہیں لیا جا سکتا، بنگلا دیش میں کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں، یہاں کھیلنا آسان نہیں ہوتا، فوکس ہوکر تحمل کے ساتھ کھیلنا پڑتا ہے، ہماری بھی یہی کوشش ہو گی کہ وکٹ پر ٹھہر کر کھیلیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل وقت کم ملا ہے لیکن ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں ہمیں ٹیسٹ کرکٹ میں جلد سوئچ ہونا ہے، ہم کئی ماہ سے وائٹ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں، اب ہمیں ریڈ بال کرکٹ کے لیے جلد از جلد خود کو ڈھالنا ہے، ہمارے پاس ٹاپ اسپنر ہیں ہمیں ان سے فائدہ ہو گا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنے رنز نہ کرنے کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ہر سیریز میں میں نے ہی رنز کرنے ہیں، دوسرے بھی ساتھ آئے ہیں اچھی بات یہ ہے دوسرے بیٹسمینوں نے ذمہ داری لی اور رنز کیے۔

install suchtv android app on google app store