پاکستانی کرکٹرز کو ورلڈکپ میں سوشل میڈیا کے محدود استعمال کی ہدایت

پاکستانی کرکٹرز فائل فوٹو پاکستانی کرکٹرز

مشکوک افراد کی دسترس سے دور رکھنے کیلیے پاکستانی کرکٹرز کو ورلڈکپ میں سوشل میڈیا کے محدود استعمال کی ہدایت مل گئی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا17 اکتوبر سے آغازہو رہا ہے، میچز عمان اور یو اے ای میں کھیلے جائیں گے،پاکستان کا سفر24 تاریخ کو بھارت کیخلاف سپر 12 میچ سے شروع ہوگا۔

کوویڈ 19 کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلے بائیوسیکیور ماحول میں ہو رہے ہیں، ایسے میں پرستار یا کسی اور روپ میں مشکوک عناصرکا کرکٹرز سے رابطہ آسان نہیں رہا، ایسے میں انھوں نے سوشل میڈیا کو اپنی سرگرمیوں کیلیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، اسی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو ورلڈکپ میں سوشل میڈیا کے محدود استعمال کی ہدایت کر دی، ان سے کہا گیا ہے کہ اگر کوئی پوسٹ کریں بھی تو وہ ٹیم کی فتح پر تاثرات یا ساتھی کھلاڑیوں کی تعریف پر مبنی ہونی چاہیے۔

پلیئرز سے کہا گیاکہ وہ بہتر سیکیورٹی فیچرز کی وجہ سے اینڈروئیڈ کی جگہ آئی فون کا استعمال کریں، کسی صورت پرانا فون نہ خریدیں، اس میں ہیکنگ کی ایپس موجود ہو سکتی ہیں، اینٹی کرپشن لیکچر میں کرکٹرز کو مشکوک سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت مل گئی۔

آئی سی سی کی جانب سے فراہم کردہ ویڈیو اردو ترجمے کے ساتھ دکھائی گئی، اس میں 2 سال قبل5 برس جیل کی سزا پانے والے سابق جنوبی افریقی انٹرنیشنل کرکٹر غلام بودی کا بھی ذکر تھا۔

ویڈیو میں بتایا گیا کہ کس طرح انھوں نے ساتھی کھلاڑیوں کو فکسنگ کی جانب مائل کرنا چاہا مگر بیشتر نے اپنے بورڈ کو اطلاع کر دی، پاکستانی کرکٹرز سے بھی کہا گیا کہ اگر کوئی ان کے ساتھ ایسا کرے تو فوری طور پررپورٹ کریں۔

install suchtv android app on google app store