ڈرنا ہے نہ گھبرانا، ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے جواب دیں، وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مشورہ

قومی ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ فائل فوٹو قومی ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ

وزیر اعظم عمران خان نے قومی ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کو بے خوف ہو کر ورلڈ کپ کھیلنے کا مشورے دے دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے آج قومی ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ نے ملاقات کی جس میں عمران خان نے کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق قیمتی مشورے دیئے۔

وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ کے دورہ منسوخی کا بہترین پرفارمنس سے جواب دیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے،آپ اپنی پرفارمنس بہتر بنانے پر فوکس کریں، جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہو گی۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات میں پاکستان میں ڈومیسٹک سسٹم سمیت کرکٹ کے امور پربھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم سے کھلاڑیوں کی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل اور سنیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹرز سے کہا ہے کہ آپ پراعتماد رہیں قوم آپ کے ساتھ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ پیسے کی لالچ میں ضمیر کا سودا نہ کرنا۔

معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بہت سمجھ بوجھ رکھتے ہیں، پی سی بی میں بہت سی اسٹرکچر تبدیلیاں بھی ہوں گی۔

دوری انگلینڈ ملتوی ہونے سے متعلق شہباز گل نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمیشن نے کہا کہ کھلاڑی تھکے ہوئے ہیں او ر کوئی مسئلہ نہیں، اگر انگلینڈ ٹیم پہلے بتا دیتی تو ہمارے پاس آج کل کافی مالشی فارغ گھوم رہے ہیں، ہم ٹیم کی مالش وغیرہ کرا دیتے۔

یاد رہے کہ اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان اور آصف علی شامل ہیں۔اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ اور محمد حفیظ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 24 اکتوبر کو ہو گا۔

install suchtv android app on google app store