پی ایس ایل 6: پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو61 رنز سے شکست دے دی

پشاور زلمی فائل فوٹو پشاور زلمی

پی ایس ایل 6 کے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آسانی سے شکست دے دی۔

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 197 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی اور صرف 136 رنز ہی بناسکی۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سیم ایوب اور عثمان خان نے ٹیم کو 62 رنز کا آغاز فراہم کیا، عثمان 28 اور سیم 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
اعظم خان، محمد نواز اور کیمرون ڈیلپورٹ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ خرم شہزاد 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان نے 3، عمید آصف نے 2، وہاب ریاض اور فیبین ایلن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو حیدر علی پہلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر واپس لوٹ گئے اور شعیب ملک بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کامران اکمل اور ڈیوڈ ملر نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ڈیوڈ ملر 73 اور کامران اکمل 59 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رومن پاول نے بھی 43 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ردرفوڈ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے 2، محمد حسنین اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

install suchtv android app on google app store