کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کیوں عائد کی گئی؟ اہم وجہ سامنے آ گئی

کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی فائل فوٹو کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی

شہر قائد میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ضلع وسطی کے مزید علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا، جس کے تحت متاثرہ علاقوں میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی۔

کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسسز کے پیش نظر ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر نے مختلف علاقوں کی یونین کونسلوں اور بلاکس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع وسطی کے چار ٹاونز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون کا نفاذ 27 اپریل سے 11 مئی تک ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ان چاروں ٹاؤنز میں کورونا کے 58 مریض موجود ہیں، ضلعی ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کے بعد مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔

ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد لازمی ماسک پہنیں گے، متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔

مذکورہ علاقوں میں تمام کاروباری و صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔ علاوہ ازیں متاثرہ علاقوں میں فیملی اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں کے کرونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ کریں گے۔ صوبائی حکومت متاثرہ علاقے میں مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

install suchtv android app on google app store