پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کا سینیٹ انتخاب میں ایک دوسرے پر اعتماد کا اظہار

تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان اہم ملاقات فائل فوٹو تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان اہم ملاقات

تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں کیا حکمت عملی اپنائی جائے، اس معاملے پر تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان آج اہم ملاقات ہوئی۔

 سینیٹ انتخابات کے حوالے سے آج کراچی میں اتحادیوں کی بڑی بیٹھک لگی، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے وفود کے درمیان ملاقات میں گلے شکوے کیے گئے تاہم ایک دوسرے پر پھر سے اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

ایم کیو ایم پاکستان نے شکوہ کیا کہ اتحادی ساتھ دیتے ہیں مگر مسائل حل نہیں ہوتے، کراچی کی اتحادی جماعت نے مردم شماری پر تحفظات سے پھر آگاہ کیا، پی ٹی آئی وفد نے مردم شماری دوبارہ کروانے کے لیے آئندہ بجٹ میں رقم مختص کرنے کا وعدہ کر لیا، اسد عمر نے کہا کراچی کی محرومیاں دور کی جائیں گی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم وفد میں کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، کنور نوید جمیل، ڈاکٹر امین الحق، فیصل سبزواری اور وسیم اختر شامل تھے، ملاقات میں سینیت انتخابات، متفقہ امیدوار سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا، ذرائع نے بتایا کہ ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشست پر اتحادیوں کے درمیان حکمت عملی پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ، تحریری معاہدے سمیت ترقیاتی منصوبوں، کراچی پیکج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ایم کیو ایم نے کراچی پیکج کے تحت منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا، حیدرآباد یونی ورسٹی، کراچی سمیت اندرون سندھ روزگار کے مواقع، پارٹی آفسز کی واپسی سمیت لاپتا کارکنان کی بازیابی کا معاملہ بھی اٹھایا۔

ملاقات کے دوران فردوس شمیم نقوی کا خالد مقبول سے دل چسپ مکالمہ ہوا، کہا آپ کا وزن خاصا گر گیا ہے، خالد مقبول نے جواب دیا ملک میں تو سیاسی ویٹ بہت گر چکا ہے۔

حفیظ شیخ نے خالد مقبول سے کہا سینیٹ انتخابات مل کر لڑنا چاہیے، جس پر انھوں نے شکوہ کیا کہ اتحادی تو ساتھ دیتے ہیں مگر ان کے مسائل حل نہیں ہو پاتے، ہر مشکل وقت میں ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی اور حکومت کا ساتھ دیا، کراچی کے مسائل حل کرنا وفاقی حکومت کی بھی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کراچی پر وزیر اعظم سب سے زیادہ توجہ رکھتے ہیں، تاریخی پیکج کے اثرات جلد سامنے آئیں گے، حفیظ شیخ سمیت پی ٹی آئی کے دیگر امیدواروں کو قومی اسمبلی میں سپورٹ کیا جائے۔

ملاقات میں فیصل سبزواری نے شہری سندھ اور کراچی میں مردم شماری سے متعلق تحفظات پرزور طریقے سے اٹھائے، تحریک انصاف نے ایم کیو ایم کے اس مؤقف کی حمایت کی کہ مردم شماری درست اور شفاف ہوں، فیصل سبزواری نے کہا وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ آنے والے بجٹ میں نئی مردم شماری کے لیے فنڈز مختص کرے، اس تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا، شہری سندھ کے مسائل کو سیاست سے بالائے طاق رکھ کر آگے بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

install suchtv android app on google app store