سلیکٹڈ وزیراعظم کہتا ہے سندھ ہمارا صوبہ نہیں ہے: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ حیدرآباد نے کرایا ہے۔

حیدر آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عوام نے آمریت کے مقابلے میں جمہوریت کے لیے صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام آمر حیدر آباد کے عوام سے ڈرتے تھے اور ضیا الحق نے طلبا یونین پر پابندی عائد کی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیرا عظم کہتے ہیں کہ سندھ ہمارا صوبہ نہیں ہے، اگر سندھ وزیر اعظم کا صوبہ نہیں ہے تو کس کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے نتیجے میں بننے والی حکومت کا سندھ سمیت کوئی بھی صوبہ نہیں ہے، ایک وزیراعظم کس طرح یہ بیان دے سکتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں بسنے والے بھی اس کے نہیں، اسے سندھ چاہیے اور نہ ہی سندھ کی عوام، مگر سندھ کے جزیرے، گیس، کوئلہ، ٹیکس ریونیو ضرور چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وفاق سے سندھ کو پورا حصہ ملتا تو حیدر آباد میں نوجوانوں کو روزگار دیتے اور تعلیمی ادارے قائم کرسکتے تھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اسلام آباد پہنچ کر اپنا حق چھینیں گے۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت مہنگائی کا سونامی لائی ہے، آٹا، دال، چینی سمیت ہر چیز عام آدمی کی خرید سے باہر ہے۔

install suchtv android app on google app store