سکھر میں منفی تبدیلی دیکھی کچھ مثبت نظر نہیں آیا، اسد عمر

سکھر میں منفی تبدیلی دیکھی کچھ مثبت نظر نہیں آیا، اسد عمر فائل فوٹو سکھر میں منفی تبدیلی دیکھی کچھ مثبت نظر نہیں آیا، اسد عمر

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا مشن پورے ملک کی ترقی ہے۔سکھر میں انصاف یوتھ ونگ کے زیر انتظام یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر میں منفی تبدیلی دیکھی کچھ مثبت نظر نہیں آیا۔ ملک کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی کا خواہاں ہوں اور وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ہر شہری کو ترقی کے برابر حقوق ملیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع کے لیے تاریخی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے اور ہمیں صرف کراچی کے لیے نہیں بلکہ پورے سندھ کے لیے ہی کام کرنا ہے۔

اسد عمرنے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عمران خان کی حکمت عملی پر اپریل میں یہی جماعتیں لاک ڈائون کے خلاف تھیں اور اب جلسے کرنے پر بضد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کی عوام کی فلاح و بہتری کے لیے سندھ حکومت سے مل کر کام کرنے پر تیار ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اوباڑو کے لیے یونیورسٹی اور دیگر بڑے پیکیج کی فراہمی کے لیے عمران خان کی ہدایت پر سب سے پہلے اوباڑو پہنچا ہوں اور بہت جلد ان منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے بھی میدان سجائے ہوئے ہیں اور جلسوں میں کورونا ایس او پیز کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا ان جلسوں سے بھی کورونا کے پھیلنے کا خطرہ ہے۔

پاک افغان تعلقات پر اسد عمر نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے امن کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور ہمارا امن بھی افغانستان سے جڑا ہوا ہے جبکہ اقتصادی راہداری کی تکمیل سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہو گا۔

 

install suchtv android app on google app store