کراچی میں ایک بار پھربارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

کراچی میں بارش کی پیشگوئی فائل فوٹو کراچی میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل اور پیر کوگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے باعث ایک بار پھر اربن فلڈ کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا نیا سسٹم آج سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مشرقی سندھ کے علاقوں میرپور خاص، تھرپارکر اور دیگر اضلاع میں آج سے پیر تک موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نیا اسپیل کراچی میں اتوار سے پیر تک اثرانداز ہوگا، شہر قائد میں کل اور پیر کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ آج شام میں بوندابا ندی اور ہلکی بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے باعث کراچی،حیدرآباد،ٹھٹھہ،میرپورخاص اوربدین میں ایک بار پھراربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ وقفے وقفے سے کہیں تیز اور ہلکی بارش کا امکان ہے ۔

خیال رہے گذشتہ روز کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شام تک 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو چکی ہے جبکہ بارش کا یہ سلسلہ جمعے تک جاری رہ سکتا ہے، متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کا کام اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جن میں سول انتظامیہ کے ساتھ فوجی جوان بھی شریک ہیں۔

سندھ حکومت نے بارش کے سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر جمعے کو تعطیل کا اعلان کیاجبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ’رین ایمرجنسی‘ بھی نافذ ہے۔

install suchtv android app on google app store