کراچی میں ایک منٹ کی لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے، چیف جسٹس دورانِ سماعت سخت برہم

 کراچی میں لوڈشیڈنگ سے عوام کا حال بُرا ہوگیا ہے فائل فوٹو کراچی میں لوڈشیڈنگ سے عوام کا حال بُرا ہوگیا ہے

چیف جسٹس پاکستان سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک منٹ کی لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں لوڈ شیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس نے کے الیکٹرک کے حکام سے استفسار کیا کہ کیا آپ یہ بتانے آئے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ چوری کی وجہ سے ہو رہی ہے ؟ شہر میں اب تک بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی ؟

کے الیکٹرک کے وکیل عابد زبیری نے مؤقف اختیار کیا کہ لوڈ شیڈنگ کی سب سے بڑی وجہ بجلی چوری ہے۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آئندہ یہ بات نہ سنوں اور شہر میں ایک منٹ کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔ ابھی کے الیکٹرک کا لائسنس معطل کرتا ہوں، چیئرمین نیپرا بتائے متبادل کیا ہے ؟

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ میں صورت حال دیکھ کر عدالت کو آگاہ کر سکتا ہوں۔

چیف جسٹس نے چیئرمین نیپرا سے استفسار کیا کہ آپ لوگ کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے ؟

چیئرمین نیپرا نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم کارروائی کرتے ہیں لیکن کے الیکٹرک نے اسٹے حاصل کر رکھے ہیں۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے چیئرمین نیپرا کو کہا کہ آپ سارا ریکارڈ لے کر آئیں ہم اسٹے ختم کر دیتے ہیں۔ کرنٹ سے جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی مدد کیسے کرتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ماسٹر جس طرح آپ لوگوں کو ڈیل کرتے ہیں ویسے ہی آپ شہریوں کو ڈیل کرتے ہیں۔ اب کراچی کی بجلی بند نہیں ہو گی اگر ہو گی تو آپ کے گھروں اور دفاتر کی ہو گی۔

install suchtv android app on google app store