سندھ حکومت کا وزیراعظم کی درخواست کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار

 سندھ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اویس شاہ فائل فوٹو سندھ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اویس شاہ

حکومت سندھ نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار کردیا۔

اپنے بیان میں سندھ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے حکم کا احترام کرتے ہیں مگر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے، روزانہ کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور ایسے میں ٹرانسپورٹ نہیں کُھل سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ کار طے ہونے کے بعد فیکٹری مالکان نے بھی اس پر عمل نہیں کیا۔

اویس شاہ کا کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم پبلک ٹرانسپورٹ کھلوا کر ملک کو ووہان یا اٹلی بنانا چاہتے ہیں؟ خدشہ ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے ملک اٹلی نہ بن جائے۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی پر لوگ حفاظتی تدابیر پر عمل نہیں کررہے۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومتوں نے ضابطہ کار کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ سارے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں اور ٹرانسپورٹ پر پوری طرح فیصلہ نہیں ہوسکا کہ کھولیں یا نہیں کیونکہ ایک دو صوبوں کو اعتراض ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں، امریکا اور یورپ میں ہلاکتوں کے باوجود ٹرانسپورٹ اور ائیرٹریفک بند نہیں کی تو ہم نے کیوں کی ہوئی ہے؟

 

install suchtv android app on google app store