وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات, آئی جی کے حوالے سے بڑا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات

وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات میں آئی جی پولیس کی تبدیلی پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران ایک روزہ دورے پر کراچی آئے ہیں جہاں وہ کئی اہم تقاریب میں شرکت کے علاوہ دیگر معاملات پر بھی مشاورت کریں گے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی بات کی اور آئی جی کلیم امام سے متعلق سندھ کابینہ کے فیصلوں اور تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا، گورنر عمران اسماعیل نے بھی آئی جی سندھ کو تبدیل کرنے کے مطالبے کی حمایت کی۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے سندھ میں آئی جی پولیس تبدیل کرنے پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئی جی سندھ کے لیے زیرغور افسران میں کسی ایک کو تعینات کردیا جائے گا۔

وزیراعظم گورنر ہاؤس کراچی میں پیرپگارا سے ملاقات کریں گے جب کہ ان کی متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے ملاقات طے نہیں، اس کی تصدیق ایم کیو ایم کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔

ایم کیوایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی خواہش ہے کہ وزیراعظم بہادر آباد آئیں اور ایم کیوایم قیادت نے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں بھی اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔

ایم کیوایم پاکستان کے معاملات وزیراعظم کی کمیٹی دیکھ رہی ہے۔ جلد ہی معاملات طے ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اسلام آباد میں ہی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔

install suchtv android app on google app store