سندھ کے علاقے مٹیاری میں سالار تھانے کی حدود میں فائرنگ، 6 افراد قتل متعدد زخمی

سندھ کے علاقے  مٹیاری میں سالار تھانے کی حدود میں فائرنگ فائل فوٹو سندھ کے علاقے مٹیاری میں سالار تھانے کی حدود میں فائرنگ

صوبہ سندھ کے ضلع مٹیاری میں سالار تھانے کی حدود میں فائرنگ سے 6 افراد قتل جب کہ 4 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مٹیاری کی تحصیل ہالہ کے سالارو کچے کے علاقے میں رشتے کے تنازع پر بروہی برادری اور رند برادری کے درمیان تصادم میں 3 خواتین سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

دو گروپوں میں ہونے والی فائرنگ میں 4 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں،  آئی جی حیدرآباد نعیم شیخ بتایا کہ بروہی برادری کے مسلح افراد نے گھروں پر حملے کر کے 3 خواتین سمیت 6 افراد کو قتل کیا، کچے کے علاقے میں صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری ایس ایس پی مٹیاری سمیت طلب کر لی گئی ہے۔

ڈی آئی جی حیدر آباد نے فون پر بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ شادی کے تنازع پر ہوا، رند برادری نے بروہی برادری کو لڑکی کا رشتے دینے سے انکار کر دیا تھا جس پر مشتعل افراد نے رات گئے ہالہ کے کچے کے علاقے سالارو میں رند برادری کے گھروں پر حملہ کر دیا۔ واقعے کے بعد رند برادری اور بروہی برادری کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے، دونوں برادریوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے، جب کہ لاشوں کو اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری طرف مقتولین کے عزیز و اقارب نے لاشیں رکھ کر قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا ہے، احتجاج کے باعث بھٹ اسٹاپ کے قریب قومی شاہراہ بلاک ہو گئی، پولیس اور رند برادری سے تعلق رکھنے والے مظاہرین میں مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں، مقتولین کے ورثا نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس تحویل میں دینے سے انکار کر دیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔ قبل ازیں علاقے میں ایمبولینس نہ ہونے کے سبب ورثا لاشیں ٹریکٹر ٹرالی میں رکھ کر شاہراہ پر لائے۔

install suchtv android app on google app store