تیز رفتار کوچ نے چنگ چی کو دیا کچل، جاں بحق ہوئے 11 کسان

سعید آباد کے نزدیک نیشنل ہائی وے پر سڑک حادثے میں 11 کسان جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ فائل فوٹو سعید آباد کے نزدیک نیشنل ہائی وے پر سڑک حادثے میں 11 کسان جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

صوبہ سندھ کے ضلع مٹیاری کے علاقے سعید آباد کے نزدیک نیشنل ہائی وے پر سڑک حادثے میں 11 کسان جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

مٹیاری پولیس کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آصف بوگھیو کا کہنا تھا کہ 'پنجاب سے آنے والی تیز رفتار کوچ کسانوں کے لے جانے والے چنگ چی رکشہ کو کچل دیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'واقعہ جمعرات کی علی الصبح پیش آیا جبکہ بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

واقعے کے بعد جاں بحق افراد اور زخمیوں کو پولیس نے مقامی ہسپتال منتقل کیا تاہم بعد ازاں 5 زخمیوں کو بینظیر آباد ضلع کے سرکاری ہسپتال لے جایا گیا۔

پیر بخش کھوسو گاؤں سے تعلق رکھنے والے کسان مٹیاری میں کیلے کے کھیت میں کام کرنے جارہے تھے۔

جاں بحق افراد کا تعلق کھوسو اور کوہلی برادری سے تھا۔

واقعے میں جاں بحق افراد کی شناخت شمشاد، شیر، مجنو، عمران، ارشاد، والو، جمیل، کانو، تماچی، رامو، جامو کے نام سے ہوئی۔

واقعے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے 3 کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ شاہراہوں پر اکثر تیز رفتاری اور ڈارئیورز کی غفلت کے باعث حادثات پیش آتے رہتے ہیں جو جان لیوا ثابت ہوتے ہیں۔

رواں برس کے آغاز میں حکومتی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر پانچ منٹ کے دوران روڈ حادثے کا شکار ہوکر ایک شخص یا تو زندگی کی بازی ہار جاتا ہے یا پھر وہ شدید زخمی ہوکر معذور بن جاتا ہے۔

وزارت مواصلات کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں روڈ حادثے کے شکار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوجاتے ہیں، جب کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہترین ممالک وہ ہیں جہاں حادثے کے شکار افراد 30 دن کے اندر انتقال کرجاتے ہیں۔

روڈ سیفٹی پروجیکٹ رپورٹ کے مطابق صرف سال 2016 میں ہی پاکستان بھر میں 6 ہزار 548 افراد روڈ حادثے کے وقت جائے وقوع پر ہی چل بسے، حیران کن بات یہ ہے کہ ان اموات میں سے 6 ہزار 3 اموات صوبائی حکومتوں کے ماتحت روڈز جبکہ 355 نیشنل ہائی ویز اور 190 اموات موٹر ویز پر ہوئیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق پاکستان میں ہر 10 لاکھ افراد میں سے 14 افراد روڈ حادثات کے باعث جاں بحق ہوجاتے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store