کراچی میں فائرنگ سے ٹی وی اینکر مرید عباس جاں بحق

  • اپ ڈیٹ:
معروف ٹی وی اینکر مرید عباس فائل فوٹو معروف ٹی وی اینکر مرید عباس

کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں نجی ٹی وی چینل کے اینکر سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈیفنس میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور خضر حیات نامی شخص کو مبینہ بزنس پارٹنر نے قتل کردیا۔ مبینہ قاتل نے بعد میں خود کو بھی گولی مارلی جو اس وقت تشویش ناک حالت میں وینٹی لیٹر پر ہے۔

30 منٹ کے وقفے سے کراچی میں فائرنگ کے دو جان لیوا واقعات رونما ہوئے، ڈیفنس بخاری کمرشل میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور ان کے دوست خضر حیات کو مبینہ قاتل عاطف زمان نے فون کرکے بلایا۔

اطلاعات کے مطابق پہلے عاطف نے مرید عباس کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس پر خضر نے جائے وقوع سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن مبینہ طورپر عاطف نے اس کا تعاقب کرکے اسے بھی گولیوں کا نشانہ بناڈالا۔

ایس ایس پی ساوتھ انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کے مطابق واقعے کے کچھ ہی دیر بعد عاطف زمان نامی شخص نے نشاط کمرشل میں واقع اپنے فلیٹ میں خود کو گولی مارلی۔

اطلاعات کے مطابق عاطف زمان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

نجی اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خودکو گولی مارنے والا عاطف زمان تشویشناک حالت میں ہے اور اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

عاطف زمان کا مرید عباس سے کاروباری جھگڑا تھا، ایس ایس پی
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق عاطف زمان نامی شخص نے مرید عباس اور خضر کو دفتر میں بلایا، عاطف زمان نے مرید عباس پر فائرنگ کی تو خضر نے موقعے سے بھاگنے کی کوشش کی۔

ایس ایس پی شیراز نذیر نے بتایا کہ عاطف زمان نے خضر کو بھی گولی مار کر قتل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عاطف زمان نے واقعے کے بعد اپنے فلیٹ میں خود کو گولی ماری۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ عاطف زمان کا مرید عباس سے کاروباری جھگڑا تھا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیراز نذیر نے بتایا کہ واقعے کی ذاتی دشمنی کے پہلو سے بھی تفتیش کی جارہی ہے کیوں کہ جاں بحق ہونے والے صحافی نے کچھ روز قبل کچھ لوگوں کیخلاف درخواست تھانے میں جمع کرائی تھی۔

غم سے نڈھال مرید عباس کی بیوہ جو خود بھی نیوز اینکر ہیں، انہوں نے بتایا کہ مبینہ قاتل بزنس پارٹنر تھا۔

جاں بحق اینکر مرید عباس کی اہلیہ زارا عباس کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ مرید عباس کو عاطف زمان نے سوا 8 بجے بلایا۔

زارا عباس نے کہا کہ عاطف زمان ٹائر کا بزنس کرتا ہے اور مرید عباس نے کاروبار میں 50 لاکھ روپے لگائے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان کے مہینے سے عاطف زمان پیسے دینے کے وعدے کررہا تھا۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے بیان میں کہا کہ غمزدہ خاندان اور ٹی وی انتظامیہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم مرید عباس کی مغفرت کرے۔

قبل ازیں کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ کے قریب بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

مسلح موٹرسائیکل سواروں نے ہوٹل کے قریب کھڑے دو شہریوں کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ سے گاڑی میں موجود ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا۔

کراچی میں قتل کے پے در پے واقعات پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

install suchtv android app on google app store