نشوہ قتل کیس: رپورٹ نے منظرِ عام پر آتے ہی تہلکہ مچا دیا

نشوہ قتل کیس: رپورٹ نے منظرِ عام پر آتے ہی تہلکہ مچا دیا فائل فوٹو

غلط انجکشن سے جاں بحق ہونے والی 9 ماہ کی کمسن نشوہ کی میڈیکل رپورٹ مرتب کرلی گئی ہے۔

نشوہ کی میڈیکل رپورٹ پوسٹ مارٹم اورجسم کے اعضاء کے کیمیائی تجزیے کی بنیاد پرمیڈیکل بورڈ نے پیرکوتیارکی گئی جسے آج صوبائی محکمہ صحت کے حوالے کردیاجائے گا۔ اس رپورٹ میں انکشاف کیاگیاہے کہ بے بی نشوہ کودارالصحت اسپتال میں لگائے جانے والے انجکشن کی وجہ سے دماغ سمیت جسم کے مختلف اعضا نے کام کرنا چھوڑدیاتھا جبکہ پھپھٹرے بھی شدید متاثر ہوئے تھے جس کی وجہ سے بے بی نشوہ کی موت واقع ہوئی۔

یادرہے کہ بے بی نشوہ کی وجہ موت کے تعین کیلیے محکمہ صحت نے وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر21 اپریل کو 3 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا اس بورڈکے سربراہ پروفیسرفرحت مرزا تھے جبکہ پولیس سرجن کراچی ڈاکٹرقرارحسین عباسی اورخاتون ایم ایل اوڈاکٹرسمیہ طارق بورڈ میں شامل تھے۔

بورڈ نے 22دن بعد پیرکو اپنی حتمی رپورٹ مرتب کرلی ہے۔ بے بی نشوہ کا پوسٹ مارٹم 22 اپریل کو جناح اسپتال میں کیاگیاتھا جس میں بے بی نشوہ کے دماغ سمیت جسم کے دیگر اعضا کے نمونے لے کر کیمیائی تجزیے کیلیے سندھ کیمیکلز ایگزامنر اور ہسٹو پیتھالوجی کیلیے ڈاؤلیبارٹری بھیجا گیاتھا۔

میڈیکل بورڈکے حکام نے 27اپریل کو سندھ کیمیکلزایگزامنر اورڈاؤ یونیورسٹی لیب کونشوہ کی رپورٹ جالد جاری کرنے کے حوالے سے مکتوب بھی لکھے گئے تھے، 6مئی کوہسٹوپیتھالوجی کی رپورٹ میڈیکل بورڈ حکام کو موصول ہوئی۔

8 مئی کودارالصحت اسپتال اور لیاقت نیشنل اسپتال انتظامیہ کی جانب سے نشوہ کا میڈیکل ریکارڈ بھیجا گیاتھا جس کے بعد3 رکنی میڈیکل بورڈ نے تمام رپورٹس کا معائنہ کیااورپیر13مئی کو طبی ریکارڈ اورکیمیائی تجزیئے کی روشنی میں بے بی نشوہ کی موت کا تعین کیا گیا جس میں کہاگیا ہے وجہ موت غلط انجکشن لگانے سے ہوئی ہے تاہم 13مئی پیر کی صبح کو3 رکنی میڈیکل یورڈ کے حکام کا اجلاس بھی ہوا تھاجسے میں وجہ موت کے حتمی تعین کرکے 3 صفحات پر مشتمل رپورٹ تیارکی گئی۔

رپورٹ کی تیاری میں لیاقت نیشنل اسپتال اوردارالصحت اسپتال سے منگوائے گئے اور ان طبی ریکارڈکابھی ازسرنو جائزہ لیاگیاتھا، ایکسپریس ٹریبیون نے تین رکنی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ حاصل کرلی۔

رپورٹ کے مطابق بے بی نشوہ کی ہسٹوپیتھالوجی اور کیمیائی تجزیئے کی روشنی میں تصدیق کی گئی ہے کہ بے بی نشوہ کی موت غلط انجکشن لگانے سے ہوئی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store