معاشی بدحالی نہ رکی تو عوام خود معاملات ہاتھ میں لے لیں گے: فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار فائل فوٹو ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ لوگ مہنگائی، غربت، بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے جارہے ہیں، معاشی بدحالی نہ رکی توعوام خود معاملات ہاتھ میں لے لیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 22 اگست کیس میں اگلی تاریخ 25 مئی ملی ہے، شناخت پریڈ کا عمل آج کی سماعت میں ہوا ہے، اس مقدمے میں بھی باعزت بری ہوں گے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا تیرا پاکستان ہے نہ میرا پاکستان ہے، یہ آئی ایم ایف کا پاکستان ہے، لوگ مہنگائی، غربت، بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے جارہے ہیں، تباہی و بربادی کا عمل نہ روکا تورمضان کے بعد عوام کو سڑکوں پرہوں گے۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا پانی کے اوپر فسادات ہوتے نظر آرہے ہیں، اب ملک مزید تجربوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، تباہی و بربادی کا عمل نہ روکا تو رمضان کے بعد عوام کو سڑکوں پرہوں گے۔

ان کا کہنا تھا عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو مسترد کردیا ہے، تحریک انصاف کی نااہلی لوگوں میں مایوسی کا سبب بنی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔

فاروق ستار نے مزید کہا ایم کیو ایم پاکستان کے کرپٹ عناصر کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے، وفاق کو سندھ کے دیہی علاقوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔

اس سے قبل کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نجی چینل کے دفتر پر حملے سے متعلق دو مقدمات پر سماعت ہوئی ، فاروق ستار، عامر خان، کنور نوید، شاہد پاشا و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، تفتیشی افسر گواہ جوڈیشل مجسٹریٹ کلیم اللہ بھی پیش ہوئے۔

ملزمان کے وکلا نے گواہ پرجرح کی جو آئندہ سماعت پر بھی جاری رہے گی ، جوڈیشل مجسٹریٹ کلیم اللہ نے چھبیس ملزموں کی شناخت پریڈ کی تھی ، عدالت کیس میں بانی ایم کیو ایم سمیت نو ملزمان کواشتہاری قرار دے چکی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store