کراچی میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق

 صفورہ چورنگی کے قریب پولیس کی مبینہ فائرنگ سے 19 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا ہے فائل فوٹو صفورہ چورنگی کے قریب پولیس کی مبینہ فائرنگ سے 19 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا ہے

کراچی کے علاقے صفورہ چورنگی کے قریب پولیس کی مبینہ فائرنگ سے 19 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے والد زخمی ہوگئے۔

ورثاء کا کہنا ہے کہ 19 ماہ کے احسن کو سینے میں گولی لگی جسے طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

مقتول بچے کے چچا کا کہنا ہے کہ 'میرا بھتیجا رکشے میں گھر والوں کے ساتھ تھا، قریب ہی پولیس مقابلہ ہورہا تھا اور بچے کو پولیس کی گولی لگی۔

 ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار اہلکار ملزمان کا پیچھا کررہے تھے،

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروق کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کی شناخت کرلی گئی ہے اور دونوں اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اہلکاروں کا بیان رکارڈ کیا جارہا ہے، موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار ملزمان کا پیچھا کررہے تھے۔

ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق فائرنگ سے بچے کے والد بھی زخمی ہوئے جنہیں ٹانگ میں گولی لگی ہے۔

اس کے علاوہ ڈی ایس پی سچل کا کہنا ہے کہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ کہاں اور کون سا مقابلہ ہوا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 4 پولیس اہلکار دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جن میں سے فائرنگ کرنے والے دو اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ موجود دو اہلکاروں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ نے بچے کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور متاثرہ خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store