کراچی کی بینکنگ کورٹ نے فریال تالپور اور زرداری کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کر دی

فریال اور زرداری کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع فائل فوٹو فریال اور زرداری کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کردی۔

میگا منی لانڈرنگ سکینڈل میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضامنت میں 5 مارچ تک توسیع کر دی گئی۔ پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کردی۔

میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ میں شروع ہوئی تو کیس میں نامزد پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت 11 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

گرفتار ملزمان انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا کو بھی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، اسی طرح انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید بھی عدالت پہنچے۔

سماعت شروع ہوئی تو فاضل جج نے تفتیشی افسر محمد علی ابڑو سے استفسار کیا کہ کیس میں کیا پیش رفت ہوئی جس پر ان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیس کا ریکارڈ نیب کو منتقل کررہے ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ آپ جو بھی کہہ رہے ہیں وہ لکھ کردیں جس پر تفتیشی افسر نے کہا جی میں ابھی لکھ کر دے دیتا ہوں۔

اس موقع پر آصف علی زردای کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اختیار کیا سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہیں نہیں کہا کہ نیب میں ریفرنس فائل کیا جائے بلکہ اعلیٰ عدالت نے مزید تفتیش کا کہا ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو کہا کہ پراسکیوٹر حتمی چالان پیش کریں یا پھر مقدمہ منتقل کرنے کی درخواست دیں جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا ریکارڈ منتقل ہورہا ہے، نیب حکام کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔

اس موقع پر تفتیشی افسر نے کہا ہر سماعت پر حتمی چالان جمع کرانے کی مہلت کی درخواست دیتا رہا ہوں جس پر وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا صرف درخواست دینا کافی نہیں، جواز بھی دینا ہوتا ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر 11 ملزمان کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔

عدالت نے قرار دیا کہ انور مجید اور عبد الغنی مجید کی ضمانت کی درخواست پر مزید سماعت 20 فروری کو ہوگی۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کے اہم کردار اسلم مسعود کو پیش نہ کرنے پر میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔

پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ اسلم مسعود کا پنجاب سے 5 دن کا راہداری ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا تاہم وہ بیمار ہیں اور ڈاکٹر نے سفر کرنے سے منع کیا ہے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا رپورٹ کے مطابق ملزم کی طبی حالت ایسی نہیں کہ اسے کراچی لایا جا سکے، صحت یابی کے بعد اسے عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اسلم مسعود کو چند روز قبل ہی سعودی عرب سے پاکستان لایا گیا ہے جسے بیرون ملک رقم منتقل کرنے کا اہم کردار کہا جارہا ہے۔

install suchtv android app on google app store