سندھ میں سیاسی ہلچل، فواد چوہدری کی ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایم کیو ایم مرکز بہادر آباد میں رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی۔

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری دو روزہ دورے پر کراچی آئے ہوئے ہیں۔ دورے کے دوران وہ مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ آج وزیر اطلاعات اپنے اتحادیوں سے ملاقات کے لیے ایم کیو ایم مرکز بہادر آباد گئے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی، ملاقات میں کنور نوید جمیل ، وسیم اختر ، خواجہ اظہار اور فیصل سبزواری شامل تھے۔

وفاقی وزیر اور رابطہ کمیٹی کے درمیان ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال، علی رضا عابدی قتل کیس سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی، اور ایم کیو ایم پی ٹی آئی تحریری معاہدے پر عمل درآمد میں پیش رفت اور کراچی پیکیج کے حوالے سے بھی غور کیا گیا، مئیر کراچی نے بھی اختیارات اور کراچی پیکج کی فراہمی کا مطالبہ وفاقی وزیر کے سامنے رکھ دیا۔

جب کہ فواد چوہدری نے علی رضا عابدی کے قتل پر وزیر اعظم عمران خان کا تعزیتی پیغام بھی متحدہ رہنماؤں کو پہنچایا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، اور ہم سب اتحادی ایک ہی پیج پر ہیں، وفاقی حکومت اپنے اتحادیوں اور صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گی، جب کہ ایم کیو ایم کے جو بھی تحفظات ہیں وہ دور کریں گے اور وزیراعظم کے سامنے بھی رکھوں گا۔

install suchtv android app on google app store