تحریک انصاف کراچی میں اپنی 2 نشستوں پرکامیاب، پشاور کی نشست اے این پی کے نام

  • اپ ڈیٹ:
ضمنی انتخاب فائل فوٹو ضمنی انتخاب

قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت تحریک انصاف کو ایک نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دو نشستوں پر اس کے امیدوار کامیاب رہے۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247، سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی۔

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے حلقے پی کے 71 پر حکمران جماعت تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست ہوئی جہاں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی چھوڑی ہوئی نشست عوامی نیشنل پارٹی نے چھین لی۔ گورنر شاہ فرمان کے بھائی ذوالفقار خان کو عوامی نیشنل پارٹی کے صلاح الدّین خان نے ہرایا۔

دوسری جانب کراچی میں پی ٹی آئی اپنی نشستیں بچانے میں کامیاب رہی، جہاں این اے 247 کراچی میں تحریک انصاف کے امیدوار آفتاب حسین صدیقی اور پی ایس 111 میں شہزاد قریشی کامیاب ہوئے۔


غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج

این اے 247 کراچی
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 کراچی کے 240 میں سے 234 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی 32326 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ ایم کیو ایم کے صادق افتخار 13985 ووٹ لے کر دوسرے اور پیپلزپارٹی کے قیصر خان نظامانی 13012 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
پی ایس 111 کراچی
سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 کراچی کے 80 میں سے 75 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے شہزاد قریشی 11658 ووٹ لے کامیاب ہوئے جب کہ پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ 5780 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور ایم کیو ایم کے جہانزیب مغل 2146 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

پی کے 71 پشاور
خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 پشاور کے مجموعی 86 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صلاح الدین 11257 ووٹ لے کر جیت گئے جب کہ تحریک انصاف کے ذوالفقار خان 9854 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

install suchtv android app on google app store