پاکستان تحریک انصاف کا عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عمران اسماعیل فائل فوٹو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عمران اسماعیل

تحریک انصاف نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

عام انتخابات میں تحریک انصاف کی جانب سے کامیابی ملنے کے بعد صوبوں کے گورنرز کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔

گزشتہ روز تحریک انصاف نے چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب اور شاہ فرمان کو گورنر خیبر پختونخوا بنانے کی منظوری دی تھی اور اب گورنر سندھ کے لیے عمران اسماعیل کی بھی منظوری دے دی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی پارٹی چیئرمین عمران خان نے باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

بعد ازاں نامزد گورنر عمران اسماعیل کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گورنر نامزد ہونے پر اللہ کے بعد عمران خان کا شکر گزار ہوں، مجھے گورنر کی بہت بڑی ذمہ داری سونپی جارہی ہے اور سندھ میں سب جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سندھ میں تمام عہدوں کے لیے اپنا امیدوار کھڑے کرے گی اور سندھ اسمبلی کے لیے اپوزیشن لیڈر کا بھی فیصلہ ہوگیا ہے جب کہ دیگر نامزدگی کے لیے جی ڈی اے اور ایم کیو ایم سے مشاورت کر رہے ہیں۔

عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ میرے لیے شہری اور دیہی علاقے برابر ہیں، حریف جماعتوں سے کہتا ہوں ایک قدم آگے آئیں ہم دس قدم بڑھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے ہاؤسز کے بارے میں پارٹی کے پروگرام پر عمل کیا جائے گا اور گورنر ہاؤس کے اخراجات کم کیے جائیں گے، گورنر ہاؤس سندھ قائد اعظم کی رہائش گاہ بھی رہی ہے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کے مستعفیٰ ہونے کے بعد سے گورنر سندھ کا عہدہ خالی تھا۔

دوسری جانب صوبہ سندھ میں مسلسل تیسری بار پیپلزپارٹی حکومت بنائے گی جس نے وزیر اعلیٰ کے لیے مراد علی شاہ اور اسپیکر سندھ اسمبلی کے لیے آغا سراج درانی کو نامزد کیا ہے۔

واضح رہے کہ عمران اسماعیل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں اور انہوں نے عام انتخابات میں بھی پی ایس 111 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

install suchtv android app on google app store