کراچی میں سمندری ہوائیں چلنا شروع، گرمی کی شدت میں کمی کا امکان

کراچی میں گرمی کی شدت فائل فوٹو کراچی میں گرمی کی شدت

شہرِ قائد میں آج سے سمندری ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 10 بجے کراچی میں درجہ حرارت 34.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ہے، جبکہ سمندری ہوائیں 11کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو درجہ حرارت معمول پر آجائے گا، لیکن بری خبر یہ ہے کہ پیر سے کراچی کے درجہ حرارت میں دوبارہ اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

واضح رہے کہ 18 مئی کو محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ 6 روز کے دوران سمندری ہوائیں رُکنے سےکراچی کے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس سے قبل بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

گزشتہ روز کے درجہ حرارت:

گزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت چھور میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز لاہور میں 42، ملتان اور فیصل آباد میں 41 جبکہ اسلام آباد میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

احتیاطی تدابیر:

شہری ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گیلا کپڑا لپیٹنے سے بھی گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔

شدید گرمی کے موسم میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی ہدایت کی جاتی ہے، جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store