سیکریٹری ہیلتھ کی جانب سے ہیٹ اسٹروک سے اموات کی تردید

سیکریٹری ہیلتھ کی جانب سے ہیٹ اسٹروک سے اموات کی تردید سیکریٹری ہیلتھ کی جانب سے ہیٹ اسٹروک سے اموات کی تردید

سیکریٹری صحت سندھ شہر قائد میں ہیٹ اسٹروک سے ہلاکتوں کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیٹ اسٹروک کا سبب ہوا میں نمی میں اضافے کے باعث ہوتا ہے جبکہ گزشتہ چند روز کے دوران یہ تناسب انتہائی کم رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صحت سندھ فضل اللہ پیچوہو نے کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے ہلاکتوں کے دعووں کی تردید کی ہے۔

صوبائی سیکریٹری کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ کوئی بھی مریض تاحال ہسپتالوں میں نہیں لایا گیا،انہوں نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک کا سبب ہوا میں نمی میں اضافے کے باعث ہوتا ہے جبکہ گزشتہ چند روز کے دوران یہ تناسب انتہائی کم رہا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ہیٹ اسٹروک سے ہلاکتوں کی خبروں نے کھلبلی مچائے رکھی تاہم کوئی حقیقت سامنے نہیں آئی۔فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ایدھی سرد خانے میں پیر کے روز 107 میتیں لائی گئیں، جن میں سے 65 افراد ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق ہوئے، ہیٹ اسٹروک کے باعث زیادہ تر اموات لانڈھی، کورنگی، بن قاسم، گڈاپ اور انڈسٹریل ایریا میں ہوئی ہیں، ملوں اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں، بجلی کی عدم فراہمی بھی اموات کی وجہ بنی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں آج بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی اور کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر 2 بجے تک شہر میں گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ شہر میں شمال مشرق سے اٹھارہ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 9 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں جاری ہیٹ ویو کی لہر جمعرات تک برقرار رہ سکتی ہے اور جمعہ سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا تھا جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت چھور میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

خیال رہے کہ کراچی کی تاریخ میں بدترین ہیٹ ویو جون 2015 میں آیا تھا جب شدید گرمی اور سمندری ہوا بند ہونے سے ایک ہفتے کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں زیادہ تر مزدور اور معمر افراد شامل تھے۔

install suchtv android app on google app store