ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ کے انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف درخواست دائر

ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ فائل فوٹو ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ

متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی گروپ نے فاروق ستار گروپ کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی گروپ کی جانب سے بیرسٹر فروغ نسیم نے درخواست دائر کی جس میں فاروق ستار گروپ کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارٹی آئین کے مطابق فاروق ستار انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کرانے کے مجاز نہیں اور ان کی جانب سے انتخابات کا اعلان غیرآئینی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ فاروق ستار گروپ کی جانب سے جنرل ورکرز اجلاس بھی غیر قانونی تھا، پارٹی کی سینٹرل کورآڈینشن کمیٹی کو بائی پاس کیا گیا اور اسے تحلیل کرنا غیرآئینی اقدام تھا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم کے کنوینر ہیں اور انہیں اس عہدے ہٹانا غیر قانونی تھا جب کہ خالد مقبول صدیقی نے ہی سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹ جاری کئے۔

الیکشن کمیشن نے درخواست منظور کرتے ہوئے فاروق ستار گروپ کو 27 فروری کے لئے نوٹس جاری کردیا۔

خیال رہے کہ فاروق ستار گروپ کی جانب سے 18 فروری کو منعقدہ انٹرا پارٹی انتخابات میں رابطہ کمیٹی کے 35 اراکین کا انتخاب عمل میں آیا اور 9 ہزار 433 ووٹ حاصل کر کے فاروق ستار کنوینر منتخب ہوئے۔

رابطہ کمیٹی گروپ کا مؤقف ہے کہ پارٹی آئین کے مطابق پالیسی فیصلے رابطہ کمیٹی ہی کرسکتی ہے اور 23 اگست کے بعد کسی کو بھی اکیلے اہم فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا تنظیمی بحران

رواں ماہ کے آغاز میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کا نام سینیٹ امیدوار کے طور پر سامنے آنے پر پارٹی میں اختلافات نے سر اٹھایا جو بحران کی صورت میں تبدیل ہوگیا ہے۔

5 فروری 2018 کو رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کی رکنیت معطل کی تو فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو معطل کردیا، بعدازاں سینیٹ انتخابات کے لیے فاروق ستار گروپ اور رابطہ کمیٹی اراکین کی جانب سے الگ الگ کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

اور اسی دوران رابطہ کمیٹی نے پارٹی سربراہ فاروق ستار کو قیادت سے نکال دیا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھا گیا جسے بعدازاں واپس لے لیا گیا۔

قیادت کی اس جنگ میں فاروق ستار کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان کیا گیا جسے رابطہ کمیٹی گروپ نے ماننے سے انکار کردیا۔

install suchtv android app on google app store