دنیا پاکستان کی معاشی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے: وزیراعظم

دنیا پاکستان کی معاشی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے دنیا پاکستان کی معاشی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑی منڈی اور اس میں ترقی کے وسیع مواقع کی موجودگی کے باعث دنیا پاکستان کی اقتصادی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے ۔

وہ جمعہ کے روز اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کراچی کے طلباء کے ایک وفد سے باتیں کررہے تھے ۔وزیراعظم نے کہاکہ اقتصادی ترقی سے تعلیم یافتہ لوگوں کیلئے نئے مواقع پیداکرنے میں مدد ملے گی اور ملک سے باصلاحیت افراد کا انخلاء رک جائے گا۔

صحت وتعلیم کے بارے میں طلباء کے سوالات کاجواب دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت یہ شعبے صوبوں کے حوالے کردئیے گئے ہیں۔زیادہ مالی وسائل کی تقویض کے بعد اب یہ صوبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی حدود میں معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ تعلیم کے فروغ اور عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت صوبوں کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے ۔ملک میں کاربن کے اخراج کی کم سطح کے باوجود حکومت نے ایندھن کی تبدیلی ، فرنس آئل پاور پلانٹس کی زیادہ موثر اورماحول دوست نظام میں منتقلی اور موجودانرجی مکس میں شمسی توانائی کے اضافے سمیت کئی اقدامات کیے ہیں تاکہ اخراج کی سطح کو مزید کم کیاجائے۔

مختلف مشکلات کے حل کیلئے نوجوان تاجروں اور پیشہ وار افراد کے کردار کاجائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اس سمت میں نجی شعبے کو اقتصادی ترقی کے انجن کے طورپر اہم کردارادا کرنے کی ضرورت ہے ۔

 

install suchtv android app on google app store