’پاکستان کو نواز شریف اور عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے‘

بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو نواز شریف اور عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

بدین میں جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیاسی یتیموں کا ایک ٹولہ جمع کیا گیا اور ایک لاڈلے نے سندھ کے چکر لگانا شروع کردیے ہیں لیکن بچہ بچہ جانتا ہے کہ سندھ کی ترقی کیلئے صرف پیپلز پارٹی نے کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف چلاتے رہتے ہیں لیکن ان کے ساتھ سندھ میں وہ شخص ہے جسے کرپشن پر نکالا گیا تھا جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی وزیر اعلیٰ پر کرپشن کے الزامات ہیں لیکن کوئی احتساب نہیں کیا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے بڑی منافقت کیا ہوسکتی ہے کہ موروثی سیاست کے خلاف شور مچانے والے عمران خان نے نااہل جہانگیر ترین کے بیٹے کو اس کا سیاسی وارث قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے خود تبدیل ہوگئی، خیبرپختونخوا میں 5 سالوں میں حکومت نے ایک ہسپتال نہیں بنایا اور نہ ہی کوئی یونورسٹی قائم کی گئی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے اپنے دماغ پر اتنا زور نہ ڈالیں جلد ہیں سابق صدر آصف علی زرداری انہیں سیاست سکھا دیں.

نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب آپ جو پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اس کا جواب آپ اپنے بھائی سے پوچھیں، اگر آپ کے خلاف فیصلہ غلط ہے تو حدیبیہ کیس کا فیصلہ بھی غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اجیب مذاق تو دیکھیں کہ بڑے میاں کہتے ہیں کہ ادارے ان کی ٹارگٹ کلنگ کر رہے ہیں جبکہ چھوٹے میاں کہتے ہیں کہ ادارے ٹھیک کام کر رہے ہیں، ان دونوں بھائیوں کے بیانات میں تضاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ ملک کے باشعور عوام کو بے وقوف بنالیں گے لیکن یہ قوم اب آپ کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب آپ جب بھی سندھ آئے تو انہوں نے ٹھٹھہ اور سجاول کے لیے پیکیج کا اعلان کیا لیکن ایک روپیہ بھی وفاق سے سندھ نہیں آیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب آپ اپنی آنکھیں کھولیں اور اس سچ کو تسلیم کریں کہ آپ اپنی سیاسی عمر پوری کرچکیں ہیں کیونکہ اب نہ وہ گود رہی ہے جس میں بیٹھ کر آپ نے سیاسی تربیت حاصل کی اور نہ وہ ہاتھ رہا ہے جو آپ کو جیل کی کوٹھری سے نکالتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے وفاق سنبھالا گیا نہ صوبہ یہاں تک کہ ان سے اپنا چھوٹا بھائی تک سنھبالا نہیں جاسکا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سیاست دانوں کے رویے اور ملک کے حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، شریف برادران پنجاب کے عوام سے کس چیز کا بدلہ لے رہے ہیں؟

انہوں نے سوال کیا کہ کیوں قصور آج ہمارے ملک کا سب سے غیر محفوظ حصہ ہے اور یہاں ہمارے بچوں کے ساتھ کیوں ظلم ہورہا ہے۔

install suchtv android app on google app store