رؤف صدیقی سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ملزم قرار

رؤف صدیقی سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ملزم قرار فائل فوٹو رؤف صدیقی سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ملزم قرار

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور سابق وزیر رؤف صدیقی کو سانحہ بلدیہ فیکٹری کا ملزم قرار دے دیا۔

عدالت نے گزشتہ برس 15 اکتوبر کو رؤف صدیقی کو پیشی کے لیے طلب کیا تھا۔ آخری سماعت کے دوران 15 اکتوبر 2017 کو عدالت نے فیکٹری کو مالکان کو واپس کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔

واضح رہے کہ ستمبر 2012 میں بلدیہ ٹاؤن کی ایک گارمنٹس فیکٹری میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 250 مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔

سانحے کی تحقیق کے لیے رینجرز اور پولیس سمیت دیگر اداروں کے افسران پر مشتمل 9 رکنی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی، جس نے اپنی رپورٹ سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) میں جمع کرائی۔
سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس میں گزشتہ برس فروری میں ڈرامائی موڑاس وقت آیا جب رینجرز کی جانب سے سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں ایم کیو ایم کو اس واقعے میں ملوث قرار دیا گیا۔

رینجرز کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروائی کی گئی جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم کے کارکن محمد رضوان قریشی نے انکشاف کیا کہ 'پارٹی کے ایک معروف اعلیٰ عہدیدار' نے اگست 2012 کو اپنے فرنٹ مین کے ذریعے آتشزدگی کا نشانہ بننے والی فیکٹری علی انٹرپرائزز کے مالک سے 20 کروڑ روپے بھتے کا مطالبہ کیا تھا۔

جے آئی ٹی رپورٹ میں رؤف صدیقی کا بھی ذکر کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں پولیس نے ان کا نام مقدمے کے مرکزی ملزمان کے خانے سے خارج کردیا تھا۔

سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کے مقدمے میں رؤف صدیقی کا نام خارج کیے جانے کے خلاف رینجرز پراسیکیوٹر نے عدالت میں درخواست جمع کرائی۔
ینجرز پراسیکیوٹر نے عدالت سے درخواست کی کہ رؤف صدیقی کو مقدمے میں ملزم نامزد کیا جائے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ پولیس نے سانحہ بلدیہ کیس کے چالان میں رؤف صدیقی کا نام کالم نمبر 2 میں رکھ کر ملزمان کی فہرست سے نکال دیا تھا۔

تاہم رؤف صدیقی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی میں ان کے مؤکل کا صرف ذکر ہے، جس کے باعث انہیں شامل تفتیش نہیں کیا جاسکتا۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد رؤف صدیقی کو سانحہ بلدیہ ٹاؤن کا مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے ان کا نام شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 جنوری تک ملتوی کردی۔

install suchtv android app on google app store