ایاز صادق نے وہی کہا جس کو وہ سمجھ چکے ہیں، اسپیکر سراج درانی

اسپیکر سراج درانی فائل فوٹو اسپیکر سراج درانی

سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ اسپیکر ایاز صادق نے جومحسوس کیا اسی بنیاد پر دل کی بات کر دی ہے کیونکہ وہ سمجھ چکے ہیں کہ حکومت کمزور ہے اور زیا دہ دیر نہیں چل سکتی۔

سکھر کے علاقے ڈریھا میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ایک بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 'جب ملک میں وزیر اعظم خود کو وزیر اعظم ماننے کو تیار نہ ہو تو حکومت کس طرح چل سکتی ہے'۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے دو روز قبل اپنے ایک بیان میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری نہیں کرپائیں گی اور حکومت کے خلاف ایک گرینڈ اتحاد بنایا جائے گا۔

ایاز صادق نے کہا تھا کہ جو چیزیں ہورہی ہیں ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا لیکن ہر کسی کو ذاتی مفاد کے بجائے قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو میں سراج درانی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان کو اگر جہانگیر ترین کی قربانی دینا تھی وہ دے چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم عمران خان سمیت جو کوئی بھی جہموریت کے لیے ساتھ چلنے کو تیار ہو جا ئے تو ہم جہموریت کے لیے اس کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں مگر اس کے لیے گالم گلوچ اور من مانیاں نہیں چلیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس پی اور پی ٹی آئی کے اتحاد سے پیپلزپارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا اوریہ تو وقت بتائے گا سندھ کے عوام ان کے ساتھ ہیں یا نہیں۔

سراج درانی نے کہا کہ عمران خان کا گذشتہ روز کا جلسہ ناکام ثابت ہوا ہے اس جلسے میں تو وہ صحیح طور پر ناچ گانا بھی نہیں کر سکےہیں۔

install suchtv android app on google app store