کراچی: تیز رفتار ڈمپر نے کئی گاڑیوں کو کچل دیا، 1 خاتون ہلاک

تیز رفتار ڈمپر نے کئی گاڑیوں کو کچل دیا فائل فوٹو تیز رفتار ڈمپر نے کئی گاڑیوں کو کچل دیا

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں تیز رفتار ڈمپر نے کئی گاڑیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 1 خاتون ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق لیاقت آباد میں فردوس شاپنگ مال کے قریب تیز رفتار ڈمپر گاڑیوں پر چڑھ گیا جبکہ قریب کھڑے شہری بھی اس کی زد میں آگئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹرک کی زد میں آکر 1 خاتون جاں بحق جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں 3 گاڑیوں اور ایک موٹر سائیکل کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ہو گیا تھا تاہم عینی شاہدین کی نشاندہی پر پولیس نے اس کا تعاقب کیا اور اسے حراست میں لے لیا۔

پولیس نے ٹرک کو اپنے قبضے میں لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں گزشتہ روز جنریٹر میں پیٹرول ڈالتے وقت آگ لگنے سے خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ آگ سے جھلسنے والی 2 خواتین اور 3 سالہ بچہ دم توڑ گئے جبکہ ایک خاتون تاحال سول ہسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج ہے۔

جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت 26 سالہ انیلہ اور 25 سالہ کوثر کے ناموں سے ہوئی جبکہ بچے کی شناخت 3 سالہ حاشر کے نام سے کی گئی۔

بعد ازاں تینوں افراد کی میتوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

install suchtv android app on google app store