کراچی: کسانوں کی بلاول ہاؤس جانے کی کوشش، پولیس کی شیلنگ، متعدد گرفتار

کراچی کا ریڈ زون میدان جنگ بن گیا فائل فوٹو کراچی کا ریڈ زون میدان جنگ بن گیا

کراچی کا ریڈ زون میدان جنگ بن گیا، کاشتکاروں کی بلاول ہاؤس جانے کی کوشش پر پولیس کا ایکشن، لاٹھی چارج، شیلنگ، پانی کی توپ کا استعمال اور پکڑ دھکڑ، کئی مظاہرین کو دھر لیا گیا۔

بلاول چورنگی پر ایکشن فلم چل گئی۔ انتظامیہ سے مذاکرات ناکام ہونے پر احتجاجی کاشتکاروں نے بلاول ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر ہنگامہ ہو گیا۔ پولیس نے ایکشن لیا اور لاٹھیاں، ڈنڈے، مکے، گھونسے اور پتھر چل گئے۔ کاشت کاروں کے پتھراؤ پر پولیس نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور سرد موسم میں مظاہرین کو دھو ڈالا۔

احتجاجی کاشت کاروں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی شیلنگ پر مظاہرین بھی مشتعل ہو گئے۔ تصادم نے ایسا رخ اختیار کیا کہ پورا علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس اہلکاروں نے کئی مظاہرین کو حراست میں لے کر تھانہ بوٹ بیسن منتقل کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ پولیس کا احتجاجوں پر قابو پانے کا یہی طریقہ ہے۔ ماضی میں بھی سندھ حکومت پہلے لوگوں کی ضروریات اور مطالبات پورے نہیں کرتی رہی، ان کے مسائل سے آنکھیں بند کئے رہی اور پھر جب وہ اپنے خلاف کسی بھی ظلم پر سراپا احتجاج بنے تو مظاہرین کی منزل خواہ وزیر اعلیٰ ہاؤس ہو یا پریس کلب، بلاول ہاؤس ہو یا گورنر ہاؤس سندھ پولیس نے انہیں راستے ہی میں نہ صرف ہمیشہ روکا بلکہ شیلنگ اور واٹر کینن اور لاٹھی چارج کا بھی نشانہ بنایا۔

install suchtv android app on google app store